امریکہ میں پھر فائرنگ کا واقعہ، 9 بچے اور نوجوان زخمی
امریکہ کی ریاست جارجیا میں فائرنگ کے ایک واقعے میں 9 بچے اور نوجوان زخمی ہو گئے۔
سحرنیوز/دنیا: بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی کی ریاست جارجیا میں ایک پٹرول پمپ پر ہونے والی فائرنگ کے واقعے میں 9 بچوں اور نوجوانوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ فائرنگ کا واقعہ مقامی وقت کے مطابق جمعہ کی رات کلمبس شہر میں پیش آیا اور ابھی تک اس واقعے میں ملوث کسی شخص کو گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے۔
بیماروں کو علاج کی غرض سے مقامی ہسپتالوں میں داخل کر دیا گیا ہے۔
امریکہ کی ریاست جارجیا کی مقامی پولیس نے زخمی ہونے والے افراد کی عمر 5 سے 17سال تک بتائی ہے جن میں دو لڑکیاں بھی شامل ہیں۔اے بی سی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ابھی تک فائرنگ کے اس واقعے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
یاد رہے کہ امریکہ میں آتشین اسلحہ رکھنے کی قانوناً اجازت ہے اور امریکہ میں شہریوں کی تعداد سے زیادہ تعداد کا اسلحہ عوام کے پاس موجود ہے اور اس امریکی گن کلچر کے نتیجے میں ہر سال ہزاروں لوگ ہلاک و زخمی ہو جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر جوبایڈن نے حال ہی میں فائرنگ کے ایک واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے یہ اعتراف کیا ہے کہ اب مسلحانہ انتہا پسندی کا دائرہ ملکی سطح پر پھیل چکا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے اسلحے سے متعلق قوانین میں اصلاحات کو بھی ضروری قرار دیا اور ملکی کانگریس سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلے میں متحرک ہو۔