ٹرمپ کا دعوی، بائیڈن ہمیں تیسری جنگ کی جانب لے جا رہے ہیں
امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ بائیڈن کی یوکرین پالیسی، ہمیں تیسری جنگ عظیم کی طرف لے جا رہی ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ جو بائیڈن کی یوکرین کے حوالے سے پالیسی تیسری عالمی جنگ کا باعث بن سکتی ہے۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حامیوں سے کہا کہ دوبارہ امریکی صدر منتخب ہونے کے فوراً بعد وہ روسی صدر ولادیمیر پوتن اور اپنے یوکرینی ہم منصب ولادیمیر زیلنسکی کو فون کریں گے اور ان سے ملاقات کا اہتمام اور یوکرین کے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔
روسی خبر رساں ایجنسی تاس نے رپورٹ دی ہے کہ انہوں نے اپنے حامیوں سے کہا کہ میں آپ کو ضمانت دیتا ہوں کہ میں اسے حل کر سکتا ہوں، انہوں نے فلوریڈا میں مداحوں کے ایک ہجوم سے کہا کہ ہم 24 گھنٹوں کے اندر ایک معاہدے تک پہنچ جائیں گے۔
2020 کے انتخابات میں اپنے ڈیموکریٹک حریف جو بائیڈن سے ہارنے والے متنازع سابق امریکی صدر نے 15 نومبر 2022 کو کہا کہ وہ 2024 کے صدارتی انتخابات میں حصہ لیں گے۔
ٹرمپ نے سوشل پر ایک پیغام میں خبردار کیا کہ جو بائیڈن کی یوکرین کے حوالے سے پالیسی تیسری عالمی جنگ کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے لکھا کہ اگر آپ ان اقدامات پر نظر رکھیں جو بائیڈن یوکرین کے حوالے سے کر رہے ہیں، تو آپ کی سمجھ میں آ جائے گا کہ وہ منظم اور سسٹمیٹک طریقے سے تیسری عالمی جنگ کی جانب لے جا رہے ہیں، یہ کتنا بڑا پاگل پن ہے؟