Feb ۲۲, ۲۰۲۳ ۰۸:۴۹ Asia/Tehran
  • یوکرین کے لیے چین کا امن منصوبہ سامنے آ گیا

یوکرین کے وزیر خارجہ دیمیتری کولبا نے دعویٰ کیا کہ چینی حکمراں جماعت کے مرکزی کمیشن برائے خارجہ امور کے ڈائریکٹر نے بیجنگ کے امن منصوبے کے اہم نکات یوکرین کے ساتھ شیئر کیے ہیں۔

سحر نیوز /دنیا: فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یوکرین کے وزیر خارجہ دیمتری کولبا نے برسلز میں یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بورل اور نیٹو کے سیکریٹری جنرل اسٹولٹن برگ کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ چینی حکمراں  جماعت کے مرکزی کمیشن برائے خارجہ امور کے ڈائریکٹر وانگ یی  نے چین کے امن منصوبے کے اہم نکات یوکرینی فریق کے ساتھ شیئر کیے ہیں۔

راشا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق یوکرین کے وزیر خارجہ نے کہا کہ کیف بیجنگ کے منصوبے کا مطالعہ کرنے اور نتائج اخذ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

اپنے بیان میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سچ پوچھیں تو کسی کو یہ توقع نہیں تھی کہ یہ جنگ اتنی دیر تک چلے گی. کولبا نے یہ بھی کہا کہ مغربی ممالک یوکرین میں بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود  بھیج رہے ہیں جس سے لاجسٹک مسائل  بھی پیدا ہو رہے ہیں۔

روسی اخبار کومرسنٹ نے پیر (20 فروری) کو اطلاع دی تھی کہ چینی حکمران جماعت کے مرکزی کمیشن برائے امور خارجہ کے ڈائریکٹر وانگ یی میونخ سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت کے بعد ماسکو پہنچے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ وانگ، جو پہلے چین کی وزارت خارجہ کے عہدے پر فائز تھے، غالباً یوکرین میں ممکنہ امن منصوبے پر بات چیت کرنے اور اس جنگ کے خاتمے کے لیے بیجنگ کے کردار کو مضبوط کرنے کے لیے ماسکو گئے تھے۔

یوکرین کی جنگ میں چینی حکومت کی ثالثی کی کوششوں کے باوجود مغربی حکام نے حالیہ دنوں میں چین کی طرف سے جنگ میں روس کی حمایت کے امکان پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اس کے نتائج اور بیجنگ کی طرف سے ماسکو کو روسی پابندیوں سے بچنے کے لیے مدد کے بارے میں سخت خبردار کیا ہے۔

ٹیگس