برطانیہ نے بھی یوکرین کو دی دغا
برطانوی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ نیٹو کی رکنیت کے لیے یوکرین کی تجویز لندن کی موجودہ ترجیحات میں شامل نہیں ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: روسی خبر رساں ایجنسی اسپوتنک کی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ جیمز کلیورلی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یوکرین کا نیٹو میں الحاق، اس وقت لندن کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں نہیں ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ نے نیٹو میں یوکرین کی رکنیت کے معاملے کو ایک اور وقت کا معاملہ قرار دیا جو کہ اس وقت ترجیحات میں نہیں ہے۔
کلیورلی نے پولیٹیکو کو بتایا کہ ظاہر سی بات ہے کہ اگرچہ نیٹو میں یوکرین کی رکنیت کے لیے راہیں پیدا کرنے کے وعدے جاری ہیں لیکن اس وقت اولین ترجیح یوکرین کا دفاع ہے، نہ کہ اس کی رکنیت ۔
برطانوی وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ یوکرین کی یورپین سیکورٹی فن تعمیر میں جگہ، ایک ایسا مسئلہ ہے جسے تعمیر نو کے مرحلے میں حل کیا جانا چاہیے نہ کہ موجودہ جنگی صورتحال میں۔
اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے کہا تھا کہ یوکرین کی رکنیت کے لئے نیٹو کے دروازے کھلے ہیں، لیکن اس ملک کو نیٹو کا رکن بننے سے پہلے اس اتحاد کے معیارات اور تعاون پر پورا اترنا چاہیے۔