فرانس کا دوہرا معیار ناقابل قبول: روس
روس کے صدارتی ترجمان نے ایٹمی ہتھیاروں کے سلسلے میں فرانس کے دوہرے موقف پر سخت تنقید کی ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: کریملن کے ترجمان دیمیتری پیسکوف نے کہا ہےکہ فرانس ایسی حالت میں روس کو دوسرے ممالک میں ایٹمی ہتھیار رکھنے کے لئے تنقید کا نشانہ بنائے ہوئے ہے کہ کبھی بھی امریکہ کے بارے میں اس کے منہ سے ایسی تنقید سنائی نہیں دیتی۔
قابل ذکر ہے کہ ایمانوئل میکرون نے بیلاروس میں ماسکو کے ایٹمی ہتھیار رکھنے پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا ہے۔
دیمیتری پیسکوف نے کہا کہ انہوں نے میکرون کی زبان سے کسی اور کے لئے اتنے سخت الفاظ نہیں سنے ہیں۔
یاد رہے کہ روس کے اعلان کے مطابق، بیلاروس کو ایٹمی ہتھیار بھیجنے کا فیصلہ اس کے بعد کیا گیا جب واشنگٹن نے اپنے ایٹمی ہتھیاروں کو نیٹو کے رکن یورپی ممالک میں رکھنے کا اعلان کیا۔
ولادیمیر پوتین گذشتہ پچیس مارچ کو امریکہ اور یورپ کو خبردار کرچکے تھے کہ اگر مغرب کی جانب سے اشتعال انگیزی جاری رہی تو انہیں روس کے ٹیکٹیکل ایٹمی ہتھیاروں کا سامنا کرنا پڑے گا۔