Apr ۱۶, ۲۰۲۳ ۰۷:۴۵ Asia/Tehran
  • پولینڈ کی اونچی چھلانگ لگانے کی کوشش، روس کا سخت انتباہ: صفحۂ ہستی سے مٹ جاؤ گے!

پولینڈ کے وزیر اعظم میٹیوش مورا ویسکی نے واشنگٹن میں امریکہ کی نائب صدر کملا ہیرس سے ملاقات اور امریکہ کے تعاون سے پورپ کی طاقتور ترین فوج بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

سحر نیوز/دنیا: کمیلا ہیرس سے بات چیت کرتے ہوئے پولینڈ کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کا ملک یورپ کی طاقتور ترین فوج تشکیل دینا چاہتا ہے اور اسی لیے ہم دنیا کی انتہائی ترقی یافتہ دفاعی صنعتوں کے مالک امریکہ کے ساتھ تعاون کرنا چاہتے ہیں۔

امریکہ کی نائب صدر کملا ہیرس نے اس موقع پولینڈ کی حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وارسا ہمارا ایک قابل قدر اتحادی، شریک اور دوست ملک ہے۔

دوسری جانب امریکہ میں روس کے سفیر آناتولی آنتونوف نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین کو جدید ترین امریکی ہتھیاروں کی فراہمی سے جنگ مزید طول پکڑے گی اور ہلاکتوں میں اضافہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کے جنگي بجٹ کے تازہ اعداد و شمار سے ہتھیاروں کی پیداوار میں اضافے اور یوکرین کی بوسیدہ جنگی مشینری کو فعال بنانے کے لیے اربوں ڈالر سرمایہ کاری کی نشاندھی ہوتی ہے۔

واشنگٹن میں روس کے سفیر نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور نیٹو کے جدید ترین ہتھیار جنگ کے اگلے محاذوں پر پہنچ رہے ہیں جس کے نتیجے میں ہلاکتوں میں اضافہ ہوگا تاہم صورتحال یوکرین کے حق میں ہرگز تبدیل نہیں ہوگی۔

روس کی قومی سلامتی کونسل کے ڈپٹی چیرمین دی متری میدویدیف نے بھی پولینڈ کو سخت خبردار کیا ہے۔ انہوں نے پولینڈ کے وزیراعظم کو ایک نادان شخص قرار دیا اور اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے: میٹیوش مورا ویسکی نامی شخص نے کہا ہے کہ یوکرین کو روس پر حملے کا حق حاصل ہے، اسے روس کے خلاف نیٹو کی جنگ کی پرواہ نہیں کیونکہ وہ سمجھتا ہے کہ ماسکو بہت جلد ہار جائے گا۔

 روس کی قومی سلامتی کونسل کے ڈپٹی چیرمین نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا ہے کہ ایسی کسی بھی جنگ میں کون جیتے گا کون ہارے گا یہ ابھی سے طے نہیں کیا جاسکتا لیکن انتا ضرور ہے کہ نیٹو کی چھاونی کا کردار ادا کرنے والا پولینڈ اپنے احمق وزیر اعظم کی وجہ سے ضرور تباہ ہو جائے گا۔

ٹیگس