May ۰۸, ۲۰۲۳ ۰۸:۳۳ Asia/Tehran
  • امریکی شہری نے گاڑی سے غیر ملکی تارکین وطن کو روندا، 18 ہلاک و زخمی

ایک امریکی شہری نے اپنی تیز رفتار گاڑی سے بس کے انتظار میں کھڑے غیر ملکی تارکین وطن کو کچل کر کم از کم آٹھ افراد کو ہلاک اور دس کو زخمی کر دیا۔

سحر نیوز/دنیا: غیرملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست ٹیکساس کے جنوب میں واقع سرحدی شہر براؤنزویلے میں تارکین وطن کے امدادی سینٹر کے قریب پیش آیا، ہلاک اور زخمیوں میں تارکین وطن شامل ہیں۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت ڈرائیور نے تیز رفتار گاڑی سرخ اشارہ توڑتے ہوئے شہریوں پر چڑھا دی۔ اس واقعے کے بعد ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق فی الحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ واقعہ دانستہ طور پر تارکین وطن کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں پیش آیا ہے یا پھر محض ایک حادثہ ہے، تاہم کچھ موجودہ قرائن کے مطابق ذرائع ابلاغ نے اس واقعے کے تعصب اور انتہاپسندی کی بنیاد پر رونما ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا ہے۔

تارکین وطن کے قائم سینٹر کے ڈائریکٹر نے بتایا ہے کہ ہلاک اور زخمی تارکین وطن کا تعلق وینزویلا سے ہے جو چند روز قبل پناہ گاہ پر رہائش کے لیے آئے تھے۔

خیال رہے کہ غیر ملکی تارکین وطن کے تئیں امریکہ میں تعصب اور انتہا پسندانہ جذبات میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے تحت تارکین وطن کے ساتھ بدسلوکی، نسلی بھید بھاؤ، جنسی استحصال اور نابالغوں کی تجارت جیسے متعدد مسائل سے جڑی خبریں تواتر کے ساتھ منظر عام پر آتی رہتی ہیں۔

ٹیگس