May ۱۳, ۲۰۲۳ ۱۲:۲۶ Asia/Tehran
  • تیسری عالمی جنگ کے بارے میں روس کا انتباہ

روس کی قومی سلامتی کونسل کے نائـب سربراہ نے تیسری عالمی جنگ کے بڑھتے خطرات پر سخت خبردار کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ اس جنگ میں کوئی بھی فاتح نہیں ہو گا۔

سحر نیوز/ دنیا: اسپوتنیک خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس کی قومی سلامتی کونسل کے نائـب سربراہ دیمتری میدویدیف نے سن پیٹرز برگ میں بین الاقوامی اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ یوکرین کے امریکی و یورپی آقاؤں کی جانب سے روس کے مقابلے میں یوکرین کو ہر طرح کے بھاری مقدار میں اسلحے فراہم کئے گئے اور حقیقت یہ ہے کہ وہ یوکرین کو تیسری عالمی جنگی کی طرف دھکیل رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ روس اس وقت اپنے قومی اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کے تحفظ کی جنگ لڑ رہا ہے اور اس پر دسیوں لاکھ لوگوں کے جانی تحفظ کی بھاری ذمہ داری ہے ۔

روس کی قومی سلامتی کونسل کے نائـب سربراہ دیمتری  میدویدیف نے اس سے قبل خبردار کیا تھا کہ نیٹو تنظیم یوکرین کے ذریعے تیسری عالمی جنگ کی آگ بھڑکانے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ اس جنگ کا اختتام بہت مشکل ہو جائے گا ۔

امریکہ کے سابق صدر ٹرمپ نے بھی حال ہی میں تیسری عالمی جنگ کے آغاز کا خطرہ بڑھنے کے سلسلے میں سخت انتباہ دیا تھا اور کہا تھا کہ جس طرح سے امریکہ آگے بڑھ رہا ہے واشنگٹن کو بھی جلد ہی تیسری عالمی جنگ میں الجھنا پڑ جائے گا اور یہ ایسی حالت میں ہے کہ امریکہ کے پاس ضرورت بھر کے بھی ہتھیار موجود نہیں رہے ہیں۔

یاد رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ شروع ہوئے چودہ مہینے پورے ہو رہے ہیں ۔ اس دوران امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے ماسکو کی امن تجویز کو مسترد کرتے ہوئے یوکرین کو زیادہ سے زیادہ ہتھیار فراہم کر کے اس جنگ کو طول دینے کی بھرپور کوشش کی ہے ۔ اس طرح یوکرین کو اب تک ایک سو پینسٹھ ارب سے زائد ڈالر کی فوجی امداد فراہم کی جا چکی ہے۔

ٹیگس