روس اور یوکرین کی جنگ میں شدت
روس نے اتوار کو یوکرین کے مختلف شہروں پر میزائلوں اور توپخانوں سے حملے کئے جن میں یوکرین کو بھاری نقصان پہنچا، جواب میں یوکرین کے اینٹی ایئرکرافٹ یونٹ نے بھی روس کے کئی میزائلوں کو مار گرایا ۔
سحر نیوز/ دنیا: روس کے شہر بلگورود سے یوکرین کے شہر خارکیف پر فائر کئے گئے میزائلوں کے دھماکوں کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ روسی فوج نے یوکرین کے شہروں خرسون اور ترنوپیل پر بھی میزائلوں سے حملہ کیا اور یوکرین کے دارالحکومت کی ایف میں ہوائی حملوں کے خطرے کے سائرن بجائے گئے۔
یوکرین کے شہر باخموت پر ایک بار پھر روسی فوج نے گولہ باری کی ۔ اس درمیان روسی وزارت دفاع نے ایک ویڈیو جاری کیا ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ روسی فوج نے صوبہ دونیسک میں یوکرین کے ایک ریڈار سسٹم کا پتہ لگا کر اسےتباہ کردیا ہے۔
دوسری جانب یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بورل نے کہا ہے کہ یورپی یونین کے جنگی اخراجات میں تیس فیصد اضافہ ہوا ہے انہوں نے اسٹاک ہوم میں یورپی یونین کی وزارتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ یورپی یونین کے جنگی اخراجات میں دوہزار چودہ سے لے کر اب تک تیس فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ اسٹاک ہوم کے صلح سے متعلق بین الاقوامی تحقیقاتی ادارے ایس آئی پی آر آئی نے کہا ہے کہ یوکرین جنگ کی وجہ سے ملکوں کے دفاعی اور جنگی اخراجات میں اضافہ ہوا ہے اوربہت سے ماہرین کا کہنا ہے کہ نیٹو کا دائرہ وسیع کرنے کے تعلق سےمغرب اور خاص طور پر امریکا کا اصرار خطرناک صورتحال اختیار کرگیا ہے۔
واضح رہے کہ یوکرین کی جنگ گذشتہ پندرہ مہینے سے جاری ہے اس درمیان اس جنگ کے علاقائی اور عالمی سطح پر اقتصادی اور سماجی اور نیز جنگی و دفاعی اثرات مرتب ہوئے ہیں اور یوکرین کے لئے مغربی ملکوں کی جانب سے ہتھیاروں کی سپلائی بھی بدستور جاری ہے۔