May ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۴:۵۷ Asia/Tehran
  • سئول - واشنگٹن فوجی مشقوں پر شمالی کوریا کا ردعمل

شمالی کوریا نے ایک بیان میں اپنی سرحد کے قریب آئندہ ہفتے ہونے والی جنوبی کوریا اور امریکہ کی مشترکہ فوجی مشقوں کی مذمت کی ہے۔

سحرنیوز/دنیا: شمالی کوریا کے سرکاری ٹی وی نے پیونگ یانگ کے حکام کے حوالے سے کہا ہے کہ ہماری سرحدوں کے قریب امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقیں جزیرہ نمائے کوریا کے امن اور سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
شمالی کوریا نے اس سے قبل اپنی سرحدوں کے قریب مشترکہ فوجی مشقوں کے انعقاد پر واشنگٹن اور سئول کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ان مشقوں پر ردعمل میں اپنے دفاع اور ارضی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر قسم کے ہتھیار استعمال کرنے کا حق رکھتا ہے۔
جنوبی کوریا کی وزرات دفاع نے ان مشترکہ فوجی مشقوں کے بارے میں ایک بیان میں کہا تھا کہ یہ فوجی مشقیں پچیس مئی سے پندرہ جون تک سئول کے شمال مشرق میں بتیس میل دور ایک علاقے میں ہوں گی جن میں ایف پینتیس جنگی طیاروں، آپاچی ہیلی کاپٹروں، ٹو کے ٹینکوں اور چونمو راکٹ لانچروں سمیت جدید ترین ہتھیار استعمال کیے جائیں گے۔
جبکہ دوسری جانب شمالی کوریا نے جزیرہ نمائے کوریا میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی فوجی مشقیں جاری رہنے کے جواب میں اپنی فوجی سرگرمیوں میں اضافہ کرتے ہوئے اپنے چھوٹے ایٹمی وارہیڈز کی رونمائی کی ہے اور بین براعظمی میزائل کا بھی تجربہ کیا ہے جو امریکہ تک مار سکتا ہے۔

ٹیگس