Jun ۰۲, ۲۰۲۳ ۰۹:۲۳ Asia/Tehran
  • واشنگٹن روس کے اندر حملوں کے حق میں نہیں لیکن فوجی امداد کا سلسلہ جاری

امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ یوکرین کو روس کے مقابلے میں اپنی حمایت و مدد کا سلسلہ ضرور جاری رکھےگا مگر وہ روس کے اندر یوکرین کے حملوں کے حق میں نہیں ہے۔

سحر نیوز/دنیا: وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرین ژان پیئر نے برطانوی وزیر خارجہ کے برخلاف کہا ہے کہ واشنگٹن روس کے اندر حملوں کے حق میں نہیں ہے۔

امریکہ نے یوکرین کو تیس کروڑ ڈالر پر مشتمل فوجی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت کیف کو فضائی دفاعی سسٹم، میزائل اور کروڑوں گولیاں اور مارٹر گولے فراہم کئے جائیں گے۔

ادھر فرانس کے صدر میکرون نے اسلوواکیہ میں ہونے والے گلوبسیک اجلاس کے موقع پر کہا ہے کہ یورپ کو چاہئے کہ کیف کو قابل بھروسہ اور موثر سیکورٹی ضمانتیں فراہم کرے کیونکہ یوکرین ان کے بقول مغربی دنیا کا دفاع کر رہا ہے۔

اس سے قبل، فرانس کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ نیٹو کے ارکان کے ساتھ یوکرین کو سیکورٹی ضمانتیں فراہم کرنے پر اتفاق کے لئے تیار ہے۔

یاد رہے کہ، گزشتہ مئی کے مہینے میں میکرون اور زیلنسکی نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ پیرس، کیف کو دسیوں بکتر بند گاڑیوں اور ہلکے ٹینکوں سے لیس اور یوکرینی افواج کو اس سلسلے کی ضروری ٹریننگ فراہم کرے گا۔ میکرون نے یوکرین کی فضائی دفاعی صلاحیتوں کو بھی بڑھانے کا وعدہ کیا تھا۔

ٹیگس