Jun ۰۷, ۲۰۲۳ ۱۷:۴۴ Asia/Tehran
  • یوکرین روس میں جراثیمی حملے کی تیاری کر رہا ہے

یوکرین روس پر جراثیمی حملہ کرنے کی پلاننگ کر رہا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا:  روس کے فیڈرل سیکورٹی ادارے کی جانب سے جاری شدہ بیان میں آیا ہے کہ یوکرین کی فوج کا جاسوسی شعبہ ڈرٹی بم کے ذریعے روس پر دہشت گردانہ حملہ کرنے جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ روس کے فیڈرل سیکورٹی ادارے کی جانب سے ایک ویڈیو جاری ہوا ہے جس میں گرفتار شدہ دو یوکرینی پائلٹ یہ بتا رہے ہیں کہ کی ایف دہشت گردانہ حملوں کی غرض سے روس میں ایٹمی مواد منتقل کر رہا ہے۔ 

روس کے فیڈرل سیکورٹی ادارے کے بیان میں آیا ہے کہ مئی دو ہزار تئیس میں یوکرین کی وزارت دفاع کے جاسوسی کے شعبے کی جانب سے روس کے بمبار طیاروں کو دھماکے سے اڑانے کی سازش رچی گئی تھی جس کا پردہ فاش کردیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق ان بمبار طیاروں کو روس کے صوبہ ایوانوف میں واقع سورنی ہوائی اڈے میں نشانہ بنایا جانا تھا ۔ اس کے علاوہ اس بات کا بھی انکشاف ہوا تھا کہ یوکرین روس پر جراثیمی حملے کی بھی تیاری کر رہا ہے۔ 

قابل ذکر ہے کہ امریکہ میں سن دو ہزار چوبیس کے انتخابات کے ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار رابرٹ کینیڈی نے بتایا ہے کہ واشنگٹن نے یوکرین سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں جراثیمی لیب قائم کئے ہوئے ہیں جہاں بڑے پیمانے پر بایو ویپن تیار کئے جاتے ہیں۔ 

یاد رہے کہ روسی فوج کے اعلی عہدے دار ایگور کریلوف نے بھی کہا تھا کہ امریکی ڈیموکریٹ پارٹی کے حکام ہی یوکرین میں جراثیمی اور کیمیاوی ہتھیاروں اور ڈرٹی بم کی پیداوار کے اصل ذمہ دار ہیں۔ 

قابل ذکر ہے کہ ڈرٹی بم ایک ایسا بم ہے جس میں خطرناک جوہری مادوں کو پھیلانے کے لئے ایک غیرایٹمی وارہیڈ کا استعمال کیا جاتا ہے۔

ٹیگس