وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ یوکرینی فوج کو کافی جانی نقصان ہوا ہے
وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کے کمیونیکیشن کوآرڈینیٹر نے روسی افواج کے خلاف حالیہ جوابی حملوں میں فوجی اہلکاروں اور سازوسامان کے لحاظ سے یوکرینی فوج کی زیادہ ہلاکتوں کی اطلاع دی ہے۔
سحرنیوز/دنیا: فارس انٹرنیشنل نیوز گروپ کے مطابق وائٹ ہاؤس کی نیشنل سیکیورٹی کونسل کے اسٹریٹجک کمیونیکیشن کوآرڈینیٹر جان کربی نے سی این این سے انٹرویو میں کہا کہ یوکرین میں جنگ بڑھنے کے ساتھ یوکرینی افواج کی بڑی تعداد کے جانی نقصان کا امکان ہے۔
خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق، انہوں نے نوٹ کیا کہ وہ یوکرینی فوج کے مختلف صفوں میں ہلاکتوں کے درست اعدادوشمار فراہم کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ جان کربی کے مطابق باخموت اور دیگر جنگی محاذوں کے ارد گرد شدید لڑائی کی وجہ سے یوکرینی افواج اور امریکی ہتھیاروں کو بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے سیکیورٹی کوآرڈینیٹر نے مزید زور دیا کہ اس طرح کی شدید لڑائیوں میں ہلاکتوں کی توقع کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی اب بھی یوکرین کو اسلحہ اور فوجی مدد فراہم کرنے پر مرکوز ہیں۔
اس سے قبل سی این این نے واشنگٹن حکومت کے ذرائع کے حوالے سے حالیہ دنوں میں روسی افواج کے خلاف جوابی حملوں میں یوکرینی فوج کی نمایاں ہلاکتوں کی اطلاع دی تھی تاہم امریکی حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ ہلاکتوں کا یوکرینی فوج کے بڑے جوابی حملے کے منصوبوں پر اثرات مرتب نہيں ہوں گے۔