Jun ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۴:۲۶ Asia/Tehran
  • یوکرین میں انسانی حالات خراب ہونے کے حوالے سے اقوام متحدہ کا انتباہ

اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل مارٹن گریفیتھس نے کاخوفکا ڈیم دھماکے کے بعد یوکرین میں انسانی صورت حال مزید خراب اور سنگین ہونے کے بارے میں خبردار کیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل مارٹن گریفیتھس کا کہنا تھا کہ یوکرین میں سات لاکھ افراد کو پینے کے پانی کی ضرورت ہے اور اس ملک میں سیلاب آنے سے غلے کی برآمدات میں کمی، پوری دنیا میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافہ اور لوگوں کی لاکھوں ٹن خوراک کم ہو گئی ہے۔

اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ نے یوکرین کے امدادی اداروں کے تعاون سے یوکرین کے زیرکنٹرول علاقے میں سیلاب سے متاثرہ تین لاکھ افراد کو امداد فراہم کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض جنگی علاقے بھی زیرآب آ گئے ہیں کہ جن میں بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں اور ممکن ہے ان بارودی سرنگوں کے سیلاب میں بہہ کر دوسرے علاقوں میں جانے سے ان علاقوں کے لوگ ان سے ٹکرا جائیں اور بچوں اور دیگر لوگوں کی جانیں خطرے میں پڑ جائیں ۔

درایں اثنا روسی حکام نے اعلان کیا ہے کہ کاخوفکا ڈیم کی تباہی کے نتیجے میں سیلاب جاری ہونے کے بعد امدادی کارروائیوں میں خرسون سے سات ہزار سے زائد افراد کو نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

خرسون علاقے کے گورنر ولادیمیر سالدو نے کہا ہے کہ ان میں سے ڈیڑھ سو افراد کو گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خرسون علاقے سے نکالا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقے میں پانی کی سطح بتدریج کم ہو رہی ہے اور علاقہ بحرانی صورت حال سے باہر نکل آیا ہے اور روسی وزارت دفاع کے افراد کے ذریعے علاقے کو صاف کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

روسی حکام نے یہ یقین بھی دلایا ہے کہ اس دھماکے اور ڈیم کی تباہی کے بعد اس وقت زاپوریژیا بجلی گھر کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ اس ایٹمی بجلی گھر کے کولنگ سسٹم کے لیے درکار پانی کاخوفکا ڈیم کے ذخیرے سے فراہم کیا جا رہا ہے۔

دریائے دنیپرو پر بنایا گیا کاخوفکا ڈیم بہت ہی اہم ڈیم شمار ہوتا ہے کہ جس کی اٹھارہ کلومیٹر طویل جھیل ہے اور اس کا پانی جنوبی یوکرین کے بہت سے علاقوں اور جزیرہ نمائے کریمہ کی پانی کی ضرورت کو پورا کرتا ہے کہ جس کا دو ہزار چودہ میں روس کے ساتھ الحاق کیا گیا۔

یہ ڈیم اس کے علاوہ زاپوریژیا ایٹمی بجلی گھر کی پانی کی ضرورت کو بھی پورا کرتا ہے کہ جو اس کے بالائی حصے میں واقع ہے اور روس کے کنٹرول میں ہے۔

اس حادثے کے بعد کی یف نے اس کا الزام ماسکو پر لگایا لیکن روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے خرسون کے علاقے میں کاخوفکا ڈیم میں پیش آنے والے حادثے پر اپنے پہلے ردعمل میں اسے ایک وحشیانہ اقدام قرار دیا کہ جسے یوکرین نے مغرب کے اشارے پر انجام دیا ہے۔

ٹیگس