Jun ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۵:۲۳ Asia/Tehran
  • گیارہ ممالک کی جانب سے یوکرین کی نیٹو میں رکنیت کی مخالفت

یوکرین کے صدارتی دفتر کے نائب سربراہ نے کہا ہے کہ نیٹو کے گیارہ رکن ممالک یوکرین کی نیٹو میں رکنیت کے مخالف ہیں۔

سحر نیوز/ دنیا: رشیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی کے دفتر کے نائب سربراہ ایگور ژوکوا نے کہا ہے کہ نیٹو کے اکتیس رکن ملکوں میں سے گیارہ ممالک نے نیٹو میں یوکرین کی رکنیت کی درخواست کی حمایت نہیں کی ہے۔

انھوں نے اپنے فیس بک پیج پر اپنے ایک پیغام میں لکھا ہے کہ یوکرین کو نیٹو میں رکنیت کی درخواست کے سلسلے میں بیس ممالک کی حمایت حاصل ہوئی ہے۔ انھوں نے یہ پیغام یوکرین کے صدر زیلنسکی اور کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے درمیان ایک دستاویز پر دستخط کے بعد جاری کیا ہے کہ جس میں کینیڈا نے یوکرین کی نیٹو میں شمولیت کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

یہ خبر ایک ایسے وقت میں شائع ہوئی ہے کہ جب نیٹو میں امریکہ کی سفیر جولیان اسمتھ نے کہا ہے کہ نیٹو میں یوکرین کی شمولیت کا امکان بہت کم ہے۔

نیٹو کے سیکریٹری جنرل اسٹولٹنبرگ نے بھی حال ہی میں اس بات پر زور دیا ہے کہ جب تک روس کے خلاف جنگ جاری ہے، یوکرین نیٹو میں شامل نہیں ہو سکتا ہے۔

روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین کی نیٹو میں شمولیت ماسکو کی ریڈ لائن ہے۔

ٹیگس