Jun ۲۴, ۲۰۲۳ ۱۸:۰۷ Asia/Tehran
  • یوکرین بھر میں فضائی حملوں کا سائرن، ماسکو نے متعدد میزائل داغے

روس پر یوکرین کے جوابی حملے کے بعد، پورے یوکرین میں فضائی حملے کا الرٹ جاری کردیا گیا۔

سحرنیوز/دنیا: جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب کو پورے یوکرین میں فضائی حملے کے سائرن کی آواز سنائی دی گئی جو ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ 
بتایا جا رہا ہے کہ خارکیف، دینیپرو اور کئی دیگر شہروں میں دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دی گئیں جس کے بعد اینٹی ایئرکرافٹ اور ایئرڈیفنس سسٹم متحرک ہوگئے۔ 
کی ایف شہر کے فوجی انتظامی ادارے کے سربراہ سرہی پوپکو نے دعوی کیا ہے کہ روسی میزائلوں کو مار گرایا گیا تھا، تاہم ان میزائلوں کے ٹکڑوں کے گرنے سے ایک چوبیس منزلہ عمارت میں آگ لگ گئی۔
انہوں نے دعوی کیا کہ اس واقعے میں صرف سات افراد زخمی ہوئے۔ قابل ذکر ہے کہ روس کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، روس کے فوجی آپریشن میں اب تک تیرہ ہزار یوکرینی فوجی ہلاک اور کی ایف کی فوج کے ڈھائی سو ٹینک، چھے سو بکتر بند گاڑیاں، دس جیٹ فائٹر، چار ہیلی کاپٹر، ڈھائی سو سے زیادہ ڈرون طیارے، تین سو کے قریب توپ اور دو ایئرڈیفنس سسٹم تباہ کئے جاچکے ہیں۔
  قابل ذکر ہے کہ ولادیمیر پوتین نے روس کی قومی سلامتی کمیٹی کی تازہ نشست میں وزارت دفاع کی مذکورہ رپورٹ کے بارے میں کہا کہ کی ایف کی تمام کوششوں کے باوجود، یوکرین کے فوجی ذخیرے محدود ہوئے ہیں لیکن اختتام پذیر نہیں ہوئے، لہذا میدان جنگ کے بارے میں کسی بھی فیصلے سے قبل اس مسئلے پر توجہ دینا ضروری ہوگا۔ 
قابل ذکر ہے کہ یورپی یونین اور امریکہ کی جانب سے ہتھیاروں کے بہاؤ کے باوجود، اب تک یوکرین میدان جنگ میں کوئی قابل ذکر کامیابی حاصل نہیں کرسکا ہے۔

ٹیگس