Jun ۲۹, ۲۰۲۳ ۱۵:۲۰ Asia/Tehran
  • ایران روس تعلقات اور ویسٹ بینک کے حالات سے نتن یاہو پریشان

صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نتن یاہو نے مغربی کنارے اور ایران روس تعلقات کے بارے میں شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بنیامن نتن یاہو نے ایران اور روس کے تعلقات اور مغربی کنارے کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا اور اس حکومت کے خلاف جو بائیڈن کے موقف کی تعریف کرتے ہوئے انہیں "صیہونی" قرار دیا۔

بنیامن نتن یاہو نے وال اسٹریٹ جرنل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے بارے میں جو بائیڈن کے ساتھ بعض اختلافات کے باوجود اسرائیل اور امریکہ کے درمیان سیکورٹی، انٹیلی جنس اور فوجی تعاون پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہے۔

صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نے امریکی اخبار "وال اسٹریٹ جرنل" کو انٹرویو دیتے ہوئے ایک بار پھر روس اور ایران کے گرمجوش تعلقات پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔

اس مشہور امریکی میڈیا کے رپورٹر نے بنیامن نتن یاہو سے ایران کے روس کو یوکرین کی جنگ کے لیے ڈرون بھیجنے کے دعوے کے بارے میں سوال کیا اور تہران اور ماسکو کے درمیان فوجی اور ہتھیاروں کے شعبوں میں تعلقات کو مضبوط کرنے کے امکانات کے بارے میں ان کی رای پوچھی۔

اس کے جواب میں صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نے دعویٰ کیا کہ یہ واضح ہے کہ ایران اور روس کے تعلقات بہت تشویشناک ہیں کیونکہ یہ ایران کو اسرائیل اور دیگر، عرب ممالک اور بہت سے دوسرے لوگوں کے خلاف اپنے مقاصد کے حصول کے لیے درکار ہتھیار یا آلات فراہم کرتا ہے۔

صیہونی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ واضح ہے کہ ہمیں اس معاملے پر تشویش ہے اور ہم نے روس کو اپنی تشویش سے آگاہ کیا ہے اور ہم شہریوں کے دفاع کے لیے یوکرین کی مدد بھی کر رہے ہیں۔

ٹیگس