یوکرین میں جنگ کے خاتمے کے لیے امریکہ اور روس کے درمیان خفیہ مذاکرات
روس کے ساتھ خفیہ مذاکرات سے امریکی صدر آگاہ تھے تاہم انہوں نے مذاکرات کا حکم نہیں دیا تھا۔
سحر نیوز/دنیا: امریکی نیوز چینل این بی سی نے بعض ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ امریکہ کے سابق قومی سلامتی کے عہدیداروں کے ایک وفد نے کریملن کے قریب سمجھے جانے والے اعلیٰ روسی حکام سے خفیہ بات چیت کی۔
این بی سی نیوز چینل نے اطلاع دی ہے کہ ان سابق امریکی اہلکاروں نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے بھی بات چیت کی تھی۔ ان مذاکرات کا مقصد یوکرین میں جنگ کے خاتمے کے حوالے سے مذاکرات کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔
چار سابق امریکی عہدیداروں اور اس ملک کے دو موجودہ عہدیداروں نے بتایا کہ اپریل کے مہینے میں سرگئی لاوروف نے امریکی عہدیداروں کے اس گروپ سے نیویارک میں چند گھنٹوں تک ملاقات کی۔ جنگ سے متعلق اہم ترین مسائل، روس کے زیر کنٹرول علاقوں اور جنگ کے حوالے سے سفارتی راستہ تلاش کرنا، پس پردہ ہونے والے مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل تھا۔
لاوروف کے ساتھ ملاقات میں جن لوگوں نے شرکت کی ان میں کونسل برائے خارجہ تعلقات کے تھنک ٹینک کے سربراہ اور کئی سابق امریکی صدور کے مشیر رچرڈ ہاس، یورپ کے امور کے ماہر چارلس کپچن اور روس کے امور کے ماہر تھامس گراہم مذاکرات کاروں میں شامل تھے۔