ماسکو پر ڈرون حملہ ناکام، تمام ڈرون طیارے تباہ
روس کے دارالحکومت ماسکو میں دھماکوں کی بھیانک آوازیں سنی گئيں اور پھر بتایا گیا کہ یہ دھماکے، دو حملہ آور ڈرون طیاروں کو تباہ کرنے کی وجہ سے ہوئے تھے۔
سحر نیوز/ دنیا: موصولہ رپورٹ کے طابق مقامی وقت کے مطابق اتوار کی صبح تین بج کر 45 منٹ پر ماسکو کے آسمان میں شدید دھماکوں کی آوازيں سنی گئيں۔ جس کے کچھ منٹ بعد تاس نیوز ایجنسی نے بتایا کہ ایئر ڈيفنس نے روس کے دارالحکومت پر ڈرون حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔ خبر میں بتایا گیا کہ ماسکو پر حملہ کرنے کی کوشش کرنے والے ڈرون طیاروں کو شہر کے مغربی حصے میں تباہ کر دیا گيا۔
روس کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ دشمن کے ایک ڈرون طیارے کوماسکو کے نواحی علاقے میں مار گرایا گیا جبکہ دو دیگر ڈرون طیاروں کو الیکٹرانک وار فیئر کے ذریعے نشانہ بنایا گیا اور وہ ماسکو سٹی کی غیر رہائشی عمارت پر گر کر تباہ ہو گئے۔
ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے بھی بتایا کہ ڈرون حملے میں کوئی جانی نقصان نہيں ہوا ہے اور کسی کو خاص نقصان نہيں پہنچا ہے صرف دو عمارتوں کے باہری حصے کو معمولی سا نقصان پہنچا ہے۔
اس ڈرون حملے کے بعد ماسکو کے ونوکووا ہوائی اڈے پر پروازيں روک دی گئیں جو چند گھنٹوں کے بعد دوبارہ شروع کر دی گئیں۔
گزشتہ مہینوں میں یوکرین کی جانب سے ماسکو پر کئی ڈرون حملے ہو چکے ہيں۔