اسرائیل میں خطرناک سیکورٹی خلا، وزیر اعظم کے دفتر میں چوری
مقبوضہ بیت المقدس میں صیہونی وزیر اعظم نتن یاہو کے دفتر سے ایک بیگ چوری ہو گیا۔
سحر نیوز/ دنیا: صیہونی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں صیہونی حکومت کے وزیر اعظم کے دفتر سے ایک بیگ چوری ہوگیا ہے جس سے خطرناک سیکورٹی خلا کا پتہ چلتا ہے۔
فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے مقبوضہ بیت المقدس میں صیہونی حکومت کے وزیراعظم کے دفتر میں "خطرناک سیکورٹی خلا" کی خبر دی ہے۔
اسرائیل ہیوم اخبار نے لکھا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں نتن یاہو کے دفتر میں ایک اسرائیلی شہری سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ میں گھس گیا اور حفاظتی سامان پر مشتمل ایک بیگ چرانے میں کامیاب ہوگیا۔
اس رپورٹ کے مطابق یہ شخص مقبوضہ عسقلان کے قریب صیہونی بستی کریات ملاخی" کے رہائشیوں میں سے ایک ہے جو وزیر اعظم کے دفتر کے سیکورٹی انتظامات کو دھوکہ دینے میں کامیاب رہا ۔
اس شخص پر مقبوضہ بیت المقدس میں صیہونی حکومت کی وزارت خزانہ کی عمارت سے ایک سائیکل چوری کا بھی الزام ہے۔
اس خبر کو شائع کرتے ہوئے صیہونی اخبار "یدیعوت احارونوت" نے بھی نتن یاہو کے دفتر کے سیکورٹی ڈیپارٹمنٹ میں ایک صیہونی شہری کے داخل ہونے کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ وہ 29 سالہ شخص ہے جو غزہ کی سڑک پر واقع وزیر اعظم کے دفتر میں داخل ہوا تھا۔
اس اخبار نے اس ڈکیتی کو ’’سیکیورٹی ناکامی‘‘ قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ پولیس چور کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی اور اس سے تفتیش جاری ہے۔