ورلڈ کپ 2023ء کے ساتویں میچ میں بنگلادیش کو شکست
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ 2023ء کے ساتویں میچ میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے بنگلادیش کو 137 رنز سے شکست دے دی۔
سحر نیوز/ دنیا: دھرم شالہ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش کی ٹیم 365 رنز کے تعاقب میں 48 اعشاریہ 2 اوورز میں 227 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
بنگلادیش کی طرف سے لٹن داس 76، مشفیق الرحیم 51 اور توحید ردوئے 39 رنز بناکر نمایاں بیٹر رہے ہیں جبکہ مہدی حسن 14، تسکین احمد 13 اور شریف الاسلام نے 12 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی طرف سے ریسی ٹوپلے نے 4 اور کرس ووکس نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔
اس سے قبل بنگلادیش نے ٹاس جیت کر انگلش ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی، دفاعی چیمپئن نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 364 رنز بنائے۔
انگلینڈ کے اوپننگ بیٹر ڈیوڈ ملان نے شاندار سنچری کرتے ہوئے 140 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ جو روٹ نے 82 اور جونی بیئرسٹو نے 52 رنز بنائے۔
بنگلادیشی بولر مہدی حسن نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کا یہ دوسرا میچ ہے، اس سے قبل نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ بنگلا دیش نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے ہرایا تھا۔