Nov ۲۱, ۲۰۲۳ ۰۹:۲۲ Asia/Tehran
  • ایمنیسٹی انٹرنیشنل: غزہ میں جنگی جرائم کے ارتکاب کے شواہد موجود ہیں، اسرائیل پر مقدمہ چلایا جائے

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنیسٹی انٹرنیشنل نے غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کے جنگی جرائم کے شواہد موجود ہونے کی خبر دیتے ہوئے اس پر بین الاقوامی فوجداری عدالت میں مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

سحرنیوز/دنیا: انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنیسٹی انٹرنیشنل نے ایک بیان جاری کرکے بتایا ہے کہ غزہ میں کوئی جگہ محفوظ نہیں رہی اور اسرائیل کے غیر قانونی حملوں سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ آشکارا طور پر فلسطینیوں کی جان کی کوئي پروا نہیں کر رہی ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ چند معاملات ہم نے نوٹ کئے ہیں جو اس بات کی دلالت کرتے ہیں کہ اس نے فوجی اہداف کے شواہد کے بغیر ہی غیر فوجی فلسطینی عوام کو نشانہ بنایا ہے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنیسٹی انٹرنیشنل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم بین الاقوامی فوجداری عدالت کے اٹارنی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ غزہ میں جنگی جرائم کی جلد از جلد تحقیقات کرائی جائيں۔
یاد رہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے غزہ میں جن بے شمار جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے، ان میں سے ایک یہ ہے کہ اس نے ابھی چند روز قبل غزہ کے الشفا اسپتال پر بمباری کی، اس پر قبضہ کیا، اسپتال کے اندر دھماکے اور فائرنگ کی اور ڈاکٹرز نیز زیر علاج مریضوں اور زخمیوں کو زبرستی اسپتال سے نکال دیا۔

ٹیگس