Jan ۲۱, ۲۰۲۴ ۱۵:۱۸ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

افغانستان میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جو ماسکو جا رہا تھا۔ ابتدائی خبروں میں بتایا گیا کہ طیارہ ہندوستان کا تھا لیکن ہندوستان نے تردید کردی۔

سحرنیوز/ دنیا: میڈیا رپورٹوں کے مطابق آج اتوار کو دوپہر کے وقت یہ طیارہ افغانستان کے بدخشاں صوبے میں گر کر تباہ ہوگیا۔ ابتدائی خبروں میں بتایا گیا کہ یہ طیارہ ہندوستانی تھا لیکن ہندوستان کے وزیر شہری ہوابازی جیوتی رادتیہ سندھیا نے کہا کہ افغانستان میں آج حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ ہندوستان کا نہیں ہے۔

ہندوستان کے متعلقہ سرکاری ذرائع نے کہا کہ افغانستان کے پہاڑوں میں گر کر تباہ ہونے والا طیارہ ہندوستانی نہیں ہے بلکہ یہ طیارہ مراکش میں رجسٹرڈ ہوا ڈی ایف 10 طیارہ تھا۔ ہندوستان کی وزارت شہری ہوابازی کے ایک اعلی عہدہ دار نے کہا کہ یہ مراکش میں رجسٹرڈ چھوٹا طیارہ ہے۔

ادھر ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق روسی حکومت نے کہا ہے کہ روس میں رجسٹرڈ ایک طیارہ گزشتہ رات افغانستان کے ریڈار سے غائب ہوگیا، اس طیارہ پر 6 افراد سوار تھے۔

افغان حکام نے طیارہ حادثے کی تصدیق کی ہے۔ بدخشاں صوبے کے پولیس ہیڈکوارٹر کے مطابق طیارہ گزشتہ رات ریڈار سے غائب ہوگیا تھا اور علاقے کے اونچے پہاڑوں میں حادثے کا شکار ہوگیا۔

دریں اثنا خبر رساں ایجنسی رائٹر کی رپورٹ کے مطابق روسی حکام نے کہا کہ طیارہ ایک چارٹرڈ ایمبولینس تھا جو ازبیکستان کے راستے ہندوستان سے ماسکو جا رہا تھا۔

 

ٹیگس