Jan ۲۲, ۲۰۲۴ ۱۷:۰۰ Asia/Tehran
  • اپنے ہی قیدی بھائیوں کو ہلاک کر رہی ہے اسرائیلی فوج

صیہونی فوجی قیدیوں میں سے ایک کی والدہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے اس کے بیٹے کو زہریلی گیس سے ہلاک کر دیا۔

سحر نیوز/دنیا: غزہ کی جنگ کے مختلف حالات میں صیہونی فوج کی خود کشی کے بارے میں عبرانی ذرائع سے شائع ہونے والی متعدد رپورٹوں کے تناظر میں صیہونی میڈیا کا کہنا ہے کہ فوج نے غزہ پٹی کے شمال میں جبالیہ علاقے کے پاس واقع ایک سرنگ سے 3 فوجی قیدیوں کی لاشیں برآمد کی ہیں۔  

المیادین کے مطابق عبرانی میڈیا کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ان اسرائیلی قیدیوں کی ہلاکت سے ایسے سوالات پیدا ہو رہے ہیں جو تشویشناک ہیں اور جن کی وضاحت ضروری ہے۔

اسرائیلی فوج کے سپاہی رون شرمین کی والدہ مایان شرمین نے جو 3 قیدیوں میں سے ایک جن کی لاش جبالیہ کی سرنگ سے برآمد ہوئی تھی، ایک فیس بک پوسٹ میں کہا کہ اسرائیلی فوج نے ان کے بیٹے کو زہریلی گیس سے ہلاک کر دیا۔

اس صیہونی فوجی کی والدہ کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے کو قتل کیا گیا لیکن حماس نے نہیں اور نہ ہی کسی حادثاتی فائرنگ میں، اسے اسرائیلی فوج نے پہلے سے منصوبہ بند طریقے سے قتل اور زہر دے کر ہلاک کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ فوجی حکام اور کرپٹ اسرائیلی کابینہ کی لاپرواہی کی وجہ سے میرا بیٹا پکڑا گیا اور انہوں نے خود اس کے قتل کا حکم دیا ہے ۔

دوسری جانب صیہونی فوج کے ترجمان نے مذکورہ صیہونی فوجی کی ماں کے ان الفاظ کا جواب دینے سے پرہیز کرنے کی کوشش کی اور ان کے بیانات کی تردید کیے بغیر مبہم الفاظ کا سہارا لیا۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس بات کا تعین کرنا ممکن نہیں کہ ان 3 قیدیوں کی موت کی وجہ کیا ہے اور اس بات سے انکار یا تصدیق بھی ممکن نہیں کہ ان کی موت دم گھٹنے یا زہر سے متاثرہونے سے ہوئی۔

ٹیگس