Jan ۳۱, ۲۰۲۴ ۱۸:۰۲ Asia/Tehran
  • چین کی طرف سے بیجنگ میں طالبان کے سفیر کا خیر مقدم، امریکہ کی طرف سے رد عمل

چین کی طرف سے طالبان کے سفیر کو تسلیم کئے جانے پر امریکہ نے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: واشنگٹن سے موصولہ رپورٹ کے مطابق آج بدھ کے روز امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک پریس کانفرنس میں طلبان کو تسلیم کئے جانے کے بارے میں چین کے موقف کی مزید وضاحت کا مطالبہ کیا۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے اس سوال کے جواب میں کہ کیا امریکہ چین کے اس اقدام کو طالبان کو تسلیم کئے جانے کے مترادف سمجھتا ہے؟ کہا کہ میں نے اس بارے میں رپورٹیں دیکھی ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ حکومت چین کو طالبان کے ساتھ تعلقات اور اس گروہ کو تسلیم کرنے کے بارے میں شفافیت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ منگل کے روز بیجنگ میں طالبان کے سفیر بلال کریمی نے چین کے صدر شی جن پنگ کو اپنے کاغذات تقرری پیش کئے۔ چین کے صدر نے باضابطہ طریقے سے بلال کریمی کو بیجنگ میں طالبان حکومت کے سفیر اور خصوصی نمائندے کی حیثیت سے تسلیم کیا۔ چینی صدر شی جن پنگ نے بلال کریمی کے کاغذات تقرری وصول کرتے ہوئے چین میں افغانستان کے سفیر کی حیثیت سے ان کا خیر مقدم کیا۔

اطلاعات کے مطابق بلال کریمی نے اس تقریب میں چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے بھی ملاقات کی۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق بلال کریمی نے دسمبر سنہ 2023 میں ہی بیجنگ میں افغانستان کے سفارت خانے کی ذمہ داری سنبھال لی تھی۔

ٹیگس