Feb ۰۴, ۲۰۲۴ ۱۸:۳۶ Asia/Tehran
  • برطانیہ کے ارب پتی تاجر اور ٹی وی اسٹار ڈینی لیمبو نے اسلام قبول کرلیا

برطانیہ کے ارب پتی تاجر اور ٹی وی اسٹار ڈینی لیمبو نے اپنے مسلمان ہونے کا اعلان کردیا ہے۔

سحرنیوز/ دنیا: میڈیا رپورٹوں کے مطابق برطانوی ارب پتی تاجر اور ٹی وی کی اہم شخصیت ڈینی لیمبو نے اپنے انسٹاگرام پیج پر اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا۔ اس اعلان کے ساتھ ساتھ ڈینی لیمبو نے عمرے کے دوران احرام باندھے اپنی تصویر بھی شیئر کی ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق ڈینی لیمبو حال ہی میں اپنے کاروبار سے متعلق سعودی عرب گئے تھے اور وہیں انہوں نے اسلام میں داخل ہونے کا فیصلہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سعودی عرب میں عبدالباسط نامی ایک شخص سے ان کی ملاقات ہوئی تھی جو ان کے مسلمان ہونے کا سبب بنی۔

اطلاعات کے مطابق ڈینی لیمبو نے اسلام قبول کرتے ہی مکہ مکرمہ میں عمرہ ادا کیا۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے انسٹاگرام پیج پر عمرے کی تصویریں بھی ڈالیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈینی نے صحیح اور عظیم راستے کی طرف رہنمائی کرنے پر عبدالباسط کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ڈینی لیمبو ایک متوسط گھرانے میں پیدا ہوئے تھے اور اپنے کیریئر کے لئے انہوں نے گلوکاری کو منتخب کیا جس کے لئے اسکول بھی چھوڑ دیا تھا۔ گلوکاری کے ساتھ ساتھ ڈینی نے ہوٹل کا کاروبار بھی شروع کردیا تھا اور جیسا کہ کہا جاتا ہے 22 سال کی عمر میں وہ کروڑ پتی بن گئے تھے۔

ڈینی لیمبو نے دولت آنے کے بعد خیراتی کام بھی شروع کردیئے اور اسلام قبول کرنے کے بعد ان کا کہنا ہے کہ اب انہیں زندگی کا مقصد مل گیا ہے۔

 

ٹیگس