Feb ۱۹, ۲۰۲۴ ۱۷:۲۳ Asia/Tehran
  • رائٹرز کا دعوی، 8 ہفتوں تک شدید جنگ جاری رہے گی

رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی شدید لڑائی 8 ہفتوں تک جاری رہے گی۔

سحر نیوز/ دنیا: عالمی برادری کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کی درخواستوں کے باوجود بظاہر صیہونی حکومت غزہ اور رفح میں 6 سے 8 ہفتوں تک اپنے شدید حملے جاری رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

رائٹرز نیوز ایجنسی نے دو اسرائیلی حکام اور دو علاقائی حکام کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ بظاہر صیہونی حکومت غزہ اور رفح شہر میں مزید 6 سے 8 ہفتوں تک شدید لڑائی جاری رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے اور اس کے بعد وہ کسی حد جنگ سے پسپائی اختیار کر سکتی ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کا کہنا ہے کہ صیہونی حکومت کے فوجی کمانڈروں کا خیال ہے کہ وہ مذکورہ مدت میں، حماس کی بقیہ صلاحیتوں کو بھاری نقصان پہنچا سکتے ہیں اور آپریشنز کے لئے ہدف بنائے گئے فضائی حملوں اور خصوصی دستوں کے ہلکے مرحلے میں منتقلی کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔

غزہ کے سب سے جنوبی شہر رفح میں شہریوں کی ہلاکتوں پر عالمی برادری کی تشویش کے باوجود تل ابیب رفح میں زمینی کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو بارہا دعویٰ کرتے ہیں کہ حماس کی شکست کو مکمل کرنے کے لیے رفح آپریشن ضروری ہے۔

قطر میں حماس کے ایک عہدیدار نے رائٹرز کو بتایا کہ ان کے اندازے کے مطابق غزہ میں صیہونی حکومت کی چار مہینے سے زائد جنگ کے دوران حماس کے 6 ہزار جوان شہید ہوئے ہیں۔

صیہونی حکومت کا دعویٰ ہے کہ اس نے 7 اکتوبر سے اب تک حماس کے 12 ہزار مجاہدین کو شہید کر دیا ہے۔

ٹیگس