Feb ۲۰, ۲۰۲۴ ۰۹:۴۵ Asia/Tehran
  • غزہ پر صیہونی حملے، برازیل نے تل ابیب سے اپنا سفیر واپس بلالیا

برازیل کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ تل ابیب اور برازیلیا کے درمیان سفارتی کشیدگي کے بعد ملک کے صدر نے اپنے سفیر کو تل ابیب سے طلب کرلیا ہے۔

سحرنیوز/دنیا: برازیل کی وزارت خارجہ کے ایک ذریعے نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ غزہ میں صیہونی حکومت کی جنگ کے بارے میں برازیل کے صدر لولا دا سلوا کے حالیہ بیانات کے بعد برازیلیا اور تل ابیب کے درمیان سفارتی کشیدگی پیدا ہوگئی ہے اور برازیل کے سفیر کو بات چیت کے لئے بلایا گیا ہے۔
اس سے قبل صیہونی حکومت کے وزيرخارجہ نے برازیل کے صدر کی جانب سے غزہ جنگ کو نازیوں کی نسل کشی سے تشبیہ دیئے جانے کے بعد برازیل کے سفیر کو طلب کیا تھا۔
برازیل کے صدر لولا داسیلوا نے اتوار کو ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس آبابا میں افریقی یونین کے اجلاس میں اسرائیل پرغزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کا الزام لگایا تھا۔ برازیل کے صدر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ یہ فوجیوں کے خلاف فوجیوں کی جنگ نہيں ہے کہا کہ یہ خواتین اور بچوں کے ساتھ ایک طاقتور فوج کی جنگ ہے۔
دوسری جانب بین الاقوامی امور میں برازیل کے صدر کے مشیر نے کہا ہے کہ اسرائیلی جرائم کا موازنہ ہٹلر کے اقدامات سے کرنے کی بنا پر ہم تل ابیب سے معافی نہيں مانگیں گے۔

ٹیگس