Mar ۰۳, ۲۰۲۴ ۱۶:۵۹ Asia/Tehran
  • یوکرین کے صدر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

یوکرین کے صدر نے ایک بیان میں کیف کے اتحادیوں سے اپیل کی ہے کہ اس ملک کے میزائل دفاعی نظام کی ترسیل میں مزید لیت و لعل سے کام نہ لیں۔

سحر نیوز/ دنیا: یوکرین کے صدر ولودیمیر زلنسکی نے ایک ویڈیو پیغام میں اوڈیسا پر حالیہ حملے کے بارے میں کہا ہے کہ اوڈیسا میں ریسکیو آپریشن پورے دن جاری رہا اور اس وقت ایمرجنسی سروسیز، پولیس اور دیگر سروسیز اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ ہمارے اتحادی ممالک یہ جانتے ہيں کہ کس طرح وہ روسی حملوں کا مقابلہ کرسکتے ہيں کہا کہ ہمارے اتحادی ملکوں کے پاس میزائل دفاعی نظام اور میزائلوں اور ڈرونز کے مقابلے میں حفاظت کے کافی زیادہ سسٹمز موجود ہیں اور ان سسٹمز اور ضروری ہتھیاروں کی یوکرین کو فراہمی میں تاخیر، اس طرح کے حملوں اور خطرات کا باعث بن رہی ہے-

زلنسکی نے بقول ان کے، کیف کی حمایت کرنے والے ممالک کے حکام کے سیاسی کھیل اور اندرونی اختلافات پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین نے انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے جو کچھ ضروری ہے، اس سے زیادہ کچھ نہیں مانگا ہے۔

یوکرین کے صدر نے کہا کہ ان دنوں آئے دن لوگوں کی جانوں کا ضیاع ہو رہا ہے، ایسے میں ہمارے اتحادی ممالک کے حکمراں اور سیاستداں آسانی سے اپنے اندرونی سیاسی کھیل اور اختلافات میں الجھے ہوئے ہيں-

انہوں نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ کریملین کے حکام صرف طاقت کی زبان سمجھتے ہيں کہا کہ روس کو شکست دینا ضروری ہے اور یہ مسئلہ ہماری فوجی برتری کے بغیر حاصل نہیں ہوگا اور اس کے لئے ضروری ہے کہ یوکرین کی حمایت میں مغربی ممالک متحد ہوجائيں-

در ایں اثنا یورپی کمیشن کی سربراہ نے تجویز دی ہے کہ یورپی یونین کو چاہئے کہ وہ روس کے منجمد اثاثوں سے حاصل ہونے والے منافع کو، یوکرین کے لیے ہتھیار خریدنے میں استعمال کرے-

یورپی کمیشن کی سربراہ ارزولا وان ڈیرلین نے اسٹراسبرگ میں یورپی پارلیمنٹ کے سیکورٹی اجلاس میں کہا کہ یہ وقت ہے کہ یوکرین کے لیے فوجی سازوسامان کی مشترکہ خریداری کے لیے منجمد روسی اثاثوں سے حاصل ہونے والے منافع کے استعمال پر بات کی جائے۔

ٹیگس