Mar ۲۰, ۲۰۲۴ ۱۸:۳۶ Asia/Tehran
  • معروف امریکی ریپر اور پروڈیوسر لِل جان نے بھی اسلام قبول کرلیا

امریکہ کے مشہور و معروف ریپر اور پروڈیوسر لِل جان نے دین مبین اسلام اختیار کرلیا ہے۔

سحرنیوز/ دنیا: ایک لمبے عرصے سے دشمنان اسلام نے مسلمانوں اور اسلام کے خلاف شدید پروپیگنڈا مہم چلا رکھی ہے۔ دشمنان اسلام نے مسلمانوں اور اسلام کو بدنام کرنے کے لئے مختلف حربے استعمال کئے ہیں اور مختلف طریقے سے حملے کئے ہیں۔ دشمنان اسلام کا مقصد یہ ہے کہ اسلام کی اصل تصویر پیش نہ کرکے ایسی تصویر پیش کی جائے جس سے لوگ محبت نہ کریں اور اس دین سے دور رہیں لیکن اس کا الٹا نتیجہ ہی برآمد ہوا ہے کیونکہ اس سب کے باوجود اسلام میں داخل ہونے والے غیرمسلموں کی تعداد کم نہیں ہوئی ہے بلکہ اس میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

یہ بھی ایک دلچسپ بات ہے کہ جن ممالک میں اسلام کی تصویر مخدوش کرنے کے لئے منصوبے بنائیں جاتے ہیں انہیں ترقی یافتہ ممالک میں لوگ اسلام قبول کر رہے ہیں۔

چند دن پہلے ہی ایک امریکی مصنف مشرف بہ اسلام ہوئے تھے اور اس کے بعد معروف امریکی سائنس داں نے اسلام کا دامن تھاما تھا، اب پھر امریکہ سے ہی ایک معروف ریپر کے اسلام قبول کرنے کی خبر موصول ہوئی ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق معروف امریکی ریپر (Rapper) اور پروڈیوسر لِل جان نے اسلام قبول کرلیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق لِل جان نے ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں اسلام قبول کیا ہے۔ لِل جان لاس اینجلس کی شاہ فہد مسجد گئے اور وہاں پر اپنے مسلمان ہونے کا اعلان کیا۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں لِل جان مسجد کے امام کی رہنمائی میں عربی اور پھر انگریزی میں کلمۂ شہادت پڑھتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

ٹیگس