دہشت گردانہ اقدامات میں ملوث تمام افراد کو تحویل میں دیا جائے، روس کا یوکرین سے مطالبہ
روس نے یوکرین سے ایس بی یو کے سربراہ اور تمام حکام کو ماسکو کی تحویل میں دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: روس کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ روس نے یوکرین سے ان تمام عناصر کو گرفتار کر کے ماسکو کی تحویل میں دینے کا مطالبہ کیا ہے جو دہشت گردانہ اقدامات میں ملوث رہے ہیں۔
روسی وزارت خارجہ کے مطابق بائیس مارچ کے خونریز دہشت گردانہ حملے نے پوری دنیا کو ہلا رکھ دیا اور اس دہشت گردانہ حملے میں یوکرینی عناصر ملوث رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایس بی یو کے سربراہ واسیل مالیوک، کہ جو اس سے قبل کریمیا میں پل پر کئے جانے والے دہشت گردانہ حملے میں ملوث رہا ہے، ان عناصر میں شامل ہے جس کو ماسکو نے گرفتار کر کے تحویل میں دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
روس نے یہ مطالبہ ایسی حالت میں کیا ہے کہ یوکرینی صدر کے مشیر میخائل پودولیاک نے روسی مسلح افواج کے بڑھتے دباؤ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگی محاذوں پر یوکرین کی فوج کو دشوار صورت حال کا سامنا ہے جبکہ ہماری فوج دفاعی پوزیشن میں ہے اور روسی فوج مسلسل پیش قدمی کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس سے قبل یوکرین کی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف الیگزنڈر سیریسکی نے بھی جنگی مورچوں پر یوکرینی فوج کی دشوار صورت حال اور روسی فوج کی ممکنہ پیش قدمی کی بات کہی تھی۔
دوسری جانب یوکرینی حکام نے اعلان کیا ہے کہ روس نے لویو اور خارکیف پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں بعض بنیادی تنصیبات نشانہ بنیں اور کچھ افراد ہلاک و زخمی ہو گئے جبکہ جواب میں یوکرینی فوج نے بھی روس کے بلگورود علاقے پر حملہ کیا۔ خارکیف کے گورنر نے کہا ہے کہ روس نے اتوار کو خارکیف کی بنیادی تنصیبات کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔ مقامی پریس ذرائع نے بھی رپورٹ دی ہے کہ خارکیف کے مختلف علاقوں پر روسی فوج نے بمباری کی ہے تاہم ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں کوئی رپورٹ جاری نہیں کی گئی۔
ادھر بوروفا پر روسی فوج کی بمباری میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔ دونیسک کی پولیس نے بھی اعلان کیا ہے کہ روس نے اس علاقے کے چودہ شہروں اور قصبوں دیہاتوں پر بمباری کی جس میں دو افراد ہلاک ہوئے۔ لویو کے گورنر نے بھی کہا ہے کہ روسی فوج نے اس علاقے کو اپنے کروز میزائلوں سے نشانہ بنایا اور ملبے کے نیچے سے دو لاشیں برآمد کی گئیں۔
دریں اثنا بلگورود کے گورنر نے اعلان کیا کہ اس علاقے پر یوکرینی فوج کے حملے میں ایک عورت ہلاک ہو گئی۔