یوکرین میں ڈرون تیار کرنے والی تنصیبات روسی حملے میں تباہ
روسی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اسکندر نامی میزائلوں کے حملے میں، یوکرین میں ڈرون تیار کرنے والی تنصیبات کونشانہ بناکر تباہ کردیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: موصولہ رپورٹ کے مطابق روسی وزارت دفاع نے اس بارے میں اعلان کیا ہےکہ روسی فیڈریشن کی مسلح افواج نے اسکندر ٹیکٹیکل آپریشنل میزائل سسٹم کے حملوں کے نتیجے میں، زاپوریژیا شہر میں بھاری ڈرونز کے ایک گودام اور ان کو تیار کرنے والے ایک ورکشاپ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔
در ایں اثنا روسی میڈیا اسپوتنک نے بھی اس میزائل حملے کی تصاویر نشر کی ہیں۔ یہ تنصیبات زاپوریژیا کےعلاقے میں واقع ہیں اور اس حملے میں میزائل، اپنے ٹھیک نشانے پرلگے ہیں-ایک امریکی جریدے نے بھی اس سلسلے میں لکھا ہے کہ روس کی وزارت دفاع کے بقول، اسکندر میزائل حملہ ، روس کے تیل اور گیس کی تنصیبات پر کی ایف کے حالیہ حملے کےجواب میں کیا گيا ہے۔
مغربی میڈیا نے بھی اسکندر میزائلوں کے ذریعے یوکرین کی ڈرون تنصیبات کے مرکز پر روسی حملے کی خبر دی ہے- روس کی کمپنی روستیخ نے اعلان کیا ہے کہ اس ملک نے اپنے خصوصی آپریشنل مقاصد کے لیے اسکندرایم بیلسٹک میزائل سسٹم کی پیداوار میں اضافہ کر دیا ہے۔
اسکندر-ایم ایک انتہائی متحرک اور مختصر فاصلے تک مار کرنے والا بیلسٹک میزائل سسٹم ہے- اسکندر- ایم میزائل سسٹم اعلیٰ سطح کی کارکردگی کا مظاہرہ کرتا اور فکسڈ اور متحرک اہداف منجملہ مضبوط پوزیشنز اورانفراسٹرکچر کو نشانہ بنا سکتا ہے –
در ایں اثنا شمالی سمندر سے متصل چھ یورپی ممالک نے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کی بنیاد پر وہ اس سمندری زون کی حفاظت کریں گے، جس کا مقصد روسی خطرات کا مقابلہ کرنا ہے۔انگلینڈ اور شمالی سمندر سے متصل دوسرے بڑے یورپی ممالک نے منگل کو اس معاہدے پر دستخط کیے ہیں، کہا جا رہا ہے کہ اس معاہدے میں شامل بلجیم ، برطانیہ ، ڈنمارک ، جرمنی ، ناروے اور ہالینڈ نے ایک مشترکہ بیان پر بھی دستخط کئے ہيں تاکہ ضروری معلومات اوراطلاعات کا تبادلہ ایک دوسرے کےساتھ کرسکیں –
نورڈ اسٹریم ایک اور دو پائپ لائنوں میں، ستمبر دوہزار بائیس میں ہونے والے دھماکوں کے بعد کہ جو بحیرہ بالٹک کے راستے روس سے جرمنی تک گیس لے جانے کے لیے بچھائی گئی تھیں، اور روس نے اس تخریب کاری کا ذمہ دار مغرب کو ٹھہرایا تھا، زیر سمندر پائپ لائنوں کو لاحق خطرہ، مغربی یورپی ممالک کی سیکورٹی توجہات کا مرکز بن گیا ہے۔
نیٹو کے فوجی اتحاد نے مئی دوہزار تیئیس میں یہ بھی کہا تھا کہ روس، یوکرین کی حمایت کرنے پر مغربی ممالک کو سزا دینے کے لیے سب میرین کیبلز کو تباہ کر سکتا ہے۔