نیویارک میں فلسطین کے حق میں ہونے والے مظاہروں نے عالمی ریکارڈ قائم کردیا، جانئے کتنے ہزار مظاہرے ہوئے
دنیا بھر میں فلسطینی عوام بالخصوص اہل غزہ کی حمایت میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: امریکہ سے لےکر ایشیا تک اور یورپ سے لے کرافریقہ اور آسٹریلیا تک سبھی مقامات پر ان دنوں فلسطین کے حامی سڑکوں پر ہیں جو غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں جاری نسل کشی کو روکنے اور وہاں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ابھی حال ہی میں امریکی شہر نیویارک کی پولیس کے سربراہ اڈوارڈ ای کیبن نے اعتراف کیا تھا کہ سات اکتوبر کے بعد سے اب تک فلسطین کی حمایت میں صرف نیویارک شہرکے اندر دوہزار چار سو سے زائد مظاہرے ہو چکے ہیں۔
اسکے ساتھ ہی گزشتہ کئی ہفتوں سے امریکہ میں فلسطین کی حمایت شروع ہونے والی طلبا تحریک کا دائرہ امریکہ کے متعدد شہروں سے گزر کر دنیا کے دیگر خطوں تک پھیل گیا ہے جس کی شدت و وسعت میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
دوسری طرف امریکی و یورپی پولیس کا فلسطین کی حمایت کرنے کی پاداش میں طلبا کے خلاف بہیمانہ تشدد جاری ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق صرف امریکہ میں پولیس اب تک کم از کم دوہزار تین سو طلبا کو گرفتار کر چکی ہے۔اس درمیان امریکی یونیوسٹی پرینسٹن سے خبر آ رہی ہے کہ وہاں کے طلبا نے مصائب و آلام اور بھوک مری کا شکار غزہ کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے بھوک ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔
اُدھر فرانس کی حکومت نے بھی فلسطین کے حامی طلبا کےخلاف ایکشن لینے کے لئے یونیورسٹی کے اعلیٰ عہدے داروں کو فری ہینڈ دے دیا ہے۔
گزشتہ روز فلسطین کی حمایت اور ناجائز صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت میں سب سے بڑا مظاہرہ یمن میں ہوا جہاں دسیوں لاکھ یمنی شہریوں نے ملک کے پندرہ صوبوں کے ایک سو اسی مقامات پر سڑکوں پر نکل کر دنیا بالخصوص علاقے میں امریکہ کی سامراجی سازشوں کی شدید مذمت کی اور واضح کیا کہ غزہ میں جب تک امریکی حمایت کے ساتھ صیہونیوں کے جرائم جاری رہیں گے ان کے مظاہروں اور احتجاج کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔
اسکےعلاوہ ایران، کینیڈا، میکسیکو، فرانس، سوئٹزرلینڈ اور جاپان میں بھی مظاہرین نے غزہ میں فوری جنگ بندی، نسل کشی کے خاتمے اور انسانی امداد کی فوری اور مسلسل ترسیل کا مطالبہ کیا۔