لیبیا بھی صیہونی حکومت کے خلاف شکایت میں شامل ہوگیا
عالمی عدالت انصاف میں غاصب صیہونی حکومت کے خلاف دائر کی گئی شکایت کی پیروی کرنے والے ممالک میں اب لیبیا بھی شامل ہو گیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: غیر ملکی میڈیا کے مطابق عالمی عدالت انصاف آئی سی جے میں لیبیا کے نمائندے احمد الجھنی نے جمعے کے روز ایک پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی عدالت انصاف نے صیہونی حکومت کے خلاف جنوبی افریقہ کی شکایت میں شامل ہونے کی لیبیا کی درخواست کو قبول کر لیا ہے۔
لیبیا کے نمائندے نے امید ظاہر کی کہ اس مقدمے کے بارے میں انکے ملک کے تحریری دلائل دس جولائی تک عالمی عدالت انصاف کے ججوں کے سامنے مکمل طور سے پیش کر دئے جائیں گے۔قبل ازیں بین الاقوامی عدالت انصاف نے اعلان کیا تھا کہ میکسیکو نے غزہ پٹی میں صیہونی حکومت کی نسل کشی کے خلاف جنوبی افریقہ کی شکایت میں شامل ہونے کی درخواست کی ہے۔
آئی سی جے کے مطابق میکسیکو نسل کشی کے جرم کی ممانعت کے معاہدے کی خلاف ورزی کے حوالے سے صیہونی حکومت کے خلاف جنوبی افریقہ کے دائرہ کردی مقدمے میں شامل ہونا چاہتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں جنوبی افریقہ نے نسل کشی کے جرم کی ممانعت کے معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر صیہونی حکومت کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں شکایت درج کی تھی جس کے بعد میکسیکو، ترکیہ، کولمبیا، نکاراگوا اور لیبیا سمیت کئی ممالک نے اس کیس میں شامل ہونے کی خواہش ظاہر کی تھی۔