Jun ۱۶, ۲۰۲۴ ۱۱:۳۴ Asia/Tehran
  • تل ابیب کی سڑکوں پر نیتن یاہو کے خلاف زبردست مظاہرے، ہزاروں مظاہرین نے اسرائیلی وزیر اعظم کی رہائش گاہ کا کیا محاصرہ

ہزاروں مظاہرین نے ہفتہ کی رات ایک بار پھر تل ابیب میں غاصب صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کی رہائش گاہ کے سامنے جمع ہو کر جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

سحر نیوز/ دنیا: ہمارے نمائندے کے مطابق، اسرائیلی مظاہرین نے رعنانا چوراہے کو بلاک کر دیا اور فوری انتخابات اور غزہ میں اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔صیہونی ریڈیو اور ٹیلی ویژن تنظیم نے اس بارے میں کہا کہ اسرائیلی قیدیوں اور غزہ پٹی میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کے خاندانوں نے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے تحت جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔

ان خاندانوں نے اس بات پر زور دیا کہ جنگ کا جاری رہنا مزید قیدیوں اور اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کا سبب بنے گا۔صیہونی حکومت کی غزہ پٹی پر بے نتیجہ جارحیت کو سات ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزرنے کے بعد، یہ غاصب حکومت روز بروز اپنے داخلی اور خارجی بحرانوں میں زیادہ سے زیادہ الجھتی جا رہی ہے۔

اس عرصے کے دوران صیہونی حکومت کے پاس جرائم، قتل عام، تباہی، جنگی جرائم، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی، امدادی اداروں پر بمباری اور اس علاقے میں قحط اور بھوک کے علاوہ کوئی اور کامیابی نہیں ملی ہے۔

ٹیگس