Jun ۲۰, ۲۰۲۴ ۲۰:۴۱ Asia/Tehran
  • ٹی20 ورلڈکپ: سپر8 کے دلچسپ مقابلوں میں جنوبی افریقا نے امریکا کو اور انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو دی شکست، تیسرے مقابلے میں ہندوستان نےافغانستان کو دیا جیت کے لیے 182 رنز کا ہدف

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں راؤنڈ میچز کے اختتام کے بعد سپر 8 مرحلے کی جنگ شروع ہو چکی ہے۔ میگا ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں 20 ٹیموں پر مشتمل چار گروپس کے 40 میچز کھیلے گئے تھے، پہلے راؤنڈ کے اختتام پر 8 ٹیموں نے سُپر مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔

سحرنیوز/ ایران: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 8 مرحلے کے پہلے میچ میں جنوبی افریقا نے امریکا کو 18 رنز سے شکست دے دی۔ سر ویون رچرڈز اسٹیڈیم اینٹیگوا میں گروپ ٹو کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے امریکا کو جیت کیلئے 195 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں امریکا کی ٹیم 20 اوورز میں 6 وکتوں کے نقصان پر 176 رنز بناسکی۔

دوسری طرف آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 8 مرحلے کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹ سے شکست دے دی۔ ڈیرن سیمی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کو جیت کیلئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 181 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں انگلینڈ کی ٹیم نے 18 ویں اوور میں ہی 2 وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔

جبکہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 8 مرحلے کے تیسرے میچ میں ہندوستان نے افغانستان کو جیت کے لیے 182 رنز کا ہدف دے دیا۔ بارباڈوس برج ٹاؤن میں کھیلے جارہے میچ میں ہندوستان نے افغانستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز اسکور کیے۔

ہندوستان کی جانب سے سوریا کمار یادو 28 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ہاردک پانڈیا 32، ورات کوہلی 24، رشب پنت 20، اکشر پٹیل 12، شیوم ڈوبے 10، کپتان روہت شرما 8 اور روندر جڈیجہ 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

افغانستان کی جانب سے کپتان راشد خان اور فضل حق فاروقی نے 3، 3 جبکہ نوین الحق نے 1 وکٹ حاصل کی۔

 

ٹیگس