حماس کو کمزور کرنے کا امکان کم، اسرائيلی فوج کا غزہ میں اپنی شکست کا اعتراف
امریکی اور صیہونی حکام نے غزہ میں اسرائيلی فوج کی شکست کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس کو کمزور کرنے کا امکان پہلے کی نسبت کم ہوگيا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق نیویارک ٹائمز نے امریکی اور صیہونی حکام کے حوالے سے لکھا ہے کہ اسرائيل غزہ میں مقدور بھر فوجی کارروائياں کر چکا ہے اور حماس کو کمزور کرنے کا امکان بہت زیادہ حد تک کم ہوچکا ہے۔ اس امریکی اخبار نے امریکی اور صیہونی حکام کے نام ذکر کئے بغیر لکھا کہ اسرائيلی قیدی غزہ میں ہیں۔ انہیں فوجی طریقے سے رہا نہیں کروایا جاسکتا ہے۔
ان امریکی اور صیہونی حکام نے مزید کہا ہے کہ اسرائيل نے غزہ میں واقع حماس کے سرنگوں تباہ کرنے کی کوشش کی لیکن اس کی یہ کوشش ناکام ہوگئی۔ ان حکام نے یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ اسرائيل صرف مذاکرات کے ذریعے ہی اپنے قیدیوں کو رہا کروا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ غاصب اسرائیل کی فوج بارہا اس بات کا اعتراف کر چکی ہے کہ حماس کو نابود کرنا ممکن نہیں ہے۔