Aug ۱۸, ۲۰۲۴ ۱۵:۰۳ Asia/Tehran
  • امریکہ اور برطانیہ کے ہتھیاروں سے غزہ کے باشندوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے، برطانیہ کی لیبر پارٹی کے سابق سربراہ جرمی کوربین

برطانیہ کی لیبر پارٹی کے سابق سربراہ جرمی کوربین نے کہا ہے کہ غزہ کے باشندوں کا قتل عام ان ہتھیاروں سے کیا جا رہا ہے جو امریکہ اور برطانیہ نے صیہونی حکومت کو دیئے ہيں۔

سحرنیوز/دنیا: جرمی کوربین نے اتوار کو ایک انٹرویو میں شہر غزہ کے التابعین اسکول پر صیہونی حکومت کی بمباری میں سو سے زیادہ فلسطینیوں کے قتل عام کی مذمت کی اور کہا کہ اسرائیل کو ہتھیار دینے کا سلسلہ جاری رکھنا نہایت شرم ناک ہے۔ انہوں نے دارالعوام کے خودمختار ممبران کی جانب سے برطانوی حکومت پر دباؤ ڈالنے کے بارے میں کہا کہ ہم خودمختار ممبران پارلیمنٹ، اسرائیل کے لئے ہتھیار بھیجنے سے متعلق قوانین پر نظرثانی کے لئے مختلف طریقوں سے حکومت پر دباؤ ڈال رہے ہيں اور اس کا سلسلہ جاری رکھیں گےجرمی کوربین نے غاصب صیہونی حکومت کو ہتھیار برامد کرنے کا سلسلہ روکنے کی درخواستوں پر برطانوی حکومت کے راضی ہونے کے امکان کے بارے میں کہا کہ نئی کابینہ انتخابات کے نتائج کی بنا پر دباؤ میں ہے اور غزہ پٹی میں جنگ بندی کی مخالفت کی بنا پر اپنے بہت سے ووٹوں سے ہاتھ دھو چکی ہے۔
برطانیہ کی لیبر پارٹی کے سابق سربراہ نے موجودہ برطانوی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کی سابقہ حکومتیں بہت سے ممالک پر پابندی عائد کر چکی ہیں لیکن جب اسرائیل کی بات آتی ہے تو پابندیوں سے اجتناب کرتی ہيں۔
جرمی کوربین نے کہا کہ عالمی عدالت، اسرائیل کے خلاف قتل عام کرنے کا فیصلہ سنا چکی ہے اس کے باوجود برطانوی حکومت اس پر پابندی عائد کرنے سے اجتناب کررہی ہے۔ لیبر پارٹی کے سربراہ نے اسرائیل پر پابندی عائد کرنے کے لئے جاری کمپین کے بارے میں کہا کہ یہ کیمپین امید افزاء ہے اور تبدیلی پر منتج ہوگا۔

ٹیگس