Sep ۰۹, ۲۰۲۴ ۱۶:۴۲ Asia/Tehran
  • فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف دنیا بھر کے عوام سراپا احتجاج

دنیا کے مختلف ملکوں کے عوام نے غزہ میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینیوں کی جاری نسل کشی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔

سحر نیوز/ دنیا: آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے اجتماع کیا اور صیہونی حکومت کی جارحیت کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر صیہونی جارحیت کی مذمت اور جنگ بندی کے مطالبات درج تھے۔

لندن میں بھی ہزاروں برطانوی شہریوں نے سڑکوں پر نکل کر فلسطینی عوام سے ہمدردی کا اظہار اور برطانیہ کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں کا قتل عام کرنے کے لئے صیہونی حکومت کو ہتھیاروں کی سپلائی بند کرے۔

ارجنٹائن کے بھی فلسطین حامی شہریوں نے مظاہرہ کر کے غزہ میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی روکے جانے کا مطالبہ کیا ۔

امریکی یونیورسٹیوں کے طلبا نے بھی فلسطینیوں کے خلاف صیہونی جارحیت کی مذمت میں مظاہرے کئے۔

واشنگٹن میں سیاٹل کے عوام نے غاصب صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں غرب اردن کے شمال میں ایک ترک تبار امریکی شہری عایشہ نور ازگی ایگی کی شہادت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے بینرز اور پلےکارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر عایشہ نور ازگی ایگی کے لئے انصاف کے مطالبات درج تھے۔ اور نعرے لکھے ہوئے تھے کہ عایشہ نور فلسطین کے لئے شہید ہوئیں اور آج ہم سب عایشہ نور ہیں ، تحریک استقامت دہشتگرد نہیں ، اور فلسطین آزاد ہونا چاہئے۔

ٹیگس