Nov ۲۱, ۲۰۲۴ ۱۷:۱۶ Asia/Tehran
  • نیتن یاہو جنگی مجرم، عالمی فوجداری عدالت نے صیہونی وزیرِاعظم کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیے

عالمی فوجداری عدالت نے صیہونی وزیرِاعظم نیتن یاہو اورسابق وزیرِجنگ یوآو گیلنٹ کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کرتے ہوئے انھیں گرفتار کرنے کا حکم دے دیاہے۔

سحر نیوز/ دنیا: ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں قائم عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے صیہونی حکومت کے وزیرِاعظم اور سابق وزیرِجنگ کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے ہیں۔ یہ وارنٹ پراسیکیوٹر کریم خان کی طرف سے کی جانے والی استدعا کے 6 ماہ بعد جاری کیے گئے ہیں۔

عدالت کا کہنا ہے صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو اور سابق وزیر جنگ گیلنٹ نے غزہ حملوں میں شہریوں کو نہیں بچایا اور بھوک کو جنگی ہتھیار بنایا۔

صیہونی وزیرِاعظم اور سابق وزیرِجنگ پر جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے ارتکاب میں کلیدی کردار ادا کرنے اور گزشتہ برس 7 اکتوبر کے بعد سے اب تک بے قصور انسانوں پر مظالم ڈھانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

غزہ میں انسانیت سوز مظالم ڈھانے پر عالمی برادری کی طرف سے اسرائیلی قیادت کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ ایک زمانے سے کیا جارہا ہے۔ جنوبی افریقا نے اسرائیلی قیادت اور فوج کے خلاف عالمی عدالتِ انصاف میں مقدمہ بھی دائر کر رکھا ہے۔

 قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کی غزہ پر جاری جارحیت میں اب تک 43 ہزار985 فلسطینی شہید اور 94 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔

ٹیگس