آذربائیجان طیارہ حادثہ، پائلٹس سمیت 35 افراد ہلاک، حادثے کی وجہ سامنے آ گئی
قازقستان میں آذربائیجان کے طیارہ حادثے میں 35 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 32 افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔
سحر نیوز/ دنیا: غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق طیارے میں 62 مسافروں سمیت عملے کے 5 افراد سوار تھے، طیارے میں موجود دونوں پائلٹس کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے۔
طیارے میں موجود بلیک باکس کی تلاش جاری ہے، طیارے میں آذربائیجان کے 37، قازقستان کے 6، کرغزستان کے 3 اور روس کے 16 شہری سوار تھے۔
زخمیوں میں سے 21 کو اسپتال میں داخل کرلیا گیا جن میں ایک 11 سالہ بچی بھی شامل ہیں۔ 4 زخمیوں کی حالت نازک ہے۔
جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حادثے کا شکار طیارہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے روس کے زیر تسلط ریاست جمہوریہ چیچن کے دارالحکومت گروزنی جا رہا تھا لیکن دھند کی وجہ سے طیارے کا راستہ تبدیل کیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق پرندہ ٹکرانے کے باعث طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی، طیارے کے تباہ ہوتے ہی اس میں آگ بھڑک اٹھی اور دھواں نکلنے لگا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثے سے قبل طیارے نے اکتاؤ ایئرپورٹ کے اوپر کئی چکر بھی لگائے تھے، حادثے کی وجوہات کے تعین کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔