Dec ۲۹, ۲۰۲۴ ۱۲:۰۷ Asia/Tehran
  • عالمی سطح پر غزہ کے کمال عدوان اسپتال پر صیہونی دہشتگردی کی سخت مذمت

غزہ میں اسپتالوں پر صیہونیوں کی کھلی دہشتگردی اور وہاں انسانیت سوز جرائم کے ارتکاب کے بعد عالمی سطح پر سخت ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

سحرنیوز/دنیا: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کمال عدوان اسپتال پر حملے اور اسے نذرآتش کرنے کو جدید ترین جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور اس کی سخت مذمت کی. ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ان جرائم کا مقصد غزہ کے نظام صحت کو پوری طرح تباہ و برباد کرنا اور زخمی مردوں، عورتوں، بچوں اور بیماروں کو کمترین وسائل تک دسترس سے محروم کرنا ہے۔
اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں تاکید کے ساتھ کہا کہ ان جرائم پر متعلقہ بین الاقوامی اداروں کی خاموشی ناقابل جواز اور اس سلسلے میں بین الاقوامی اداروں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
دوسری جانب اسلامی تعاون تنظیم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ میڈیکل و صحت کے شعبے کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت بالخصوص اسپتالوں کو نشانہ بنانا، ان کا محاصرہ کرنا اور ان پر یلغار کرنا اور میڈيکل عملے، زخمیوں اور مریضوں کو گرفتار کرنا بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ہیومن رائٹس واچ، اٹلی، ناروے، جامعہ الازہر سمیت دنیا کے مختلف ممالک اور اداروں نے غزہ کے اسپتالوں پر صیہونی دہشتگردی کی سخت مذمت کی ہے جبکہ حماس نے بین الاقوامی مبصرین کو غزہ بھیجے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

 

ٹیگس