Jan ۰۷, ۲۰۲۵ ۱۵:۵۵ Asia/Tehran
  • چین: 7.1 شدت کا زلزلہ، 230 افراد ہلاک و زخمی ہر طرف تباہی ہی تباہی

چین کے نیپال کی سرحد کے ساتھ واقع نیم خود مختار علاقے تبت میں منگل کی صبح یکے بعد دیگرے 6 بڑے زلزلوں کے نتیجے میں کم از کم 230 افراد ہلاک و زخمی ہوگئے جبکہ متعدد عمارتیں زمین بوس ہو گئیں۔

سحر نیوز/ دنیا: چین کے دور افتادہ ضلع تبت کے دوسرے سب سے بڑے اور مقدس سمجھے جانے والے شہر  شگاتسے  کے قریب  طاقتور زلزلے کے جھٹکوں سے کم از کم 100 افراد کی ہلاکت اور 130 سے زائد زخمی ہونے کی تصدیق ہو گئی جب کہ نیپال میں بھی سیکڑوں کلومیٹر دور زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق تبت کے پڑوس میں نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو اور ہندوستان کے کچھ حصوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

چین کے سرکاری نشریاتی ادارے ’سی سی ٹی وی‘ کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زلزلے کے بعد تباہ شدہ مکانات کی دیواریں ٹوٹی ہوئی ہیں اور ملبہ کھنڈرات میں بکھرا پڑا ہے۔

چین کے سرکاری ٹی وی، سی سی ٹی وی نے اطلاع دی ہے کہ گزشتہ 5 سالوں میں شیگاتسے شہر کے قریب 29 چھوٹے زلزلے آئے۔ لیکن منگل کی صبح آنے والا زلزلہ انتہائی شدید تھا ۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی۔

چین کے زلزلہ نیٹ ورک سینٹر (سی ای این سی) کے مطابق زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی جس کی شدت نیپال کی سرحد کے قریب مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 5 منٹ پر محسوس کی گئی۔

ٹیگس