لاس اینجلس آتشزدگی امریکہ کی تاریخ کی بدترین تباہیوں میں سے ایک ہے؛ ڈونلڈ ٹرمپ
امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لاس اینجلس میں پھیلنے والی جنگل کی خوفناک آگ سے نمٹنے میں ناکامی پر تنقید کرتے ہوئے کیلیفورنیا کے حکام پر نااہلی کا الزام لگایا ہے-
سحرنیوز/دنیا: امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لاس اینجلس میں جاری مہلک جنگلاتی آگ کے حوالے سے کیلیفورنیا کے حکام پر نااہلی کا الزام عائد کر دیا۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ٹرمپ نے لکھا ہے کہ لاس اینجلس میں آگ اب بھی لگی ہوئی ہے۔ نااہل سیاستدانوں کو معلوم ہی نہیں کہ اسے کیسے بجھایا جائے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ یہ ہمارے ملک کی تاریخ کی بدترین تباہیوں میں سے ایک ہے۔ وہ آگ بجھانے میں ناکام کیوں ہیں؟ ان کے ساتھ مسئلہ کیا ہے؟
ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں کہا، ہزاروں شاندار گھر تباہ ہو چکے ہیں اور مزید جلد تباہ ہو جائیں گے۔ ہر جگہ موت کا منظر ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ریاستی حکام کے مطابق آگ نے اب تک لاس اینجلس اور اس کے آس پاس کے جنگلات میں لگی آگ سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 24 ہو گئی ہے۔