Feb ۲۶, ۲۰۲۵ ۱۶:۱۷ Asia/Tehran
  • برکس کے رکن ممالک کا سنہ 2025 کا پہلا اجلاس برازیل میں منعقد ہوا

رواں سال دوہزار پچیس میں برکس کے رکن ممالک کا پہلا اجلاس ایرانی نمائندے کی شرکت سے برازیل کی صدارت میں منعقد ہوا-

سحرنیوز/دنیا:  ارنا کے مطابق دوہزار پچیس میں برازیل کے دور صدارت میں برکس کے رکن ممالک کے خصوصی نمائندوں کا پہلا اجلاس، منگل کی صبح برازیل کی وزارت خارجہ میں برازیل کے وزیر خارجہ کی تقریر سے شروع ہوا۔ اس اجلاس میں برکس کے گيارہ بڑے رکن ممالک کے نمائندے بشمول برازیل، ایران، روس، چین، ہندوستان ، جنوبی افریقہ ، انڈونیشیا، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، اور ایتھوپیا موجود تھے- اپنی افتتاحی تقریر میں برازیل کے وزیر خارجہ نے برکس کی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ برکس ماضی سے زیادہ فعال طور پر اپنے کام جاری رکھے گا-

اس اجلاس میں ایران کے نمائندے کی حیثیت سے مجید صابر نے اپنے خطاب میں برکس کی اہمیت اور حیثیت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ممبر ممالک کی تعداد کا بڑھ کر گیارہ ہونا اور اس میں مزید نو ممالک کی برکس کے شراکت داروں کے طور پر شمولیت، اس بین الاقوامی گروپ میں عالمی برادری کی دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔ دنیا کے نئے جغرافیائی سیاسی حالات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں رونما ہونے والی تازہ ترین صورتحال کے پیش نظر ضرورت اس بات کی ہے کہ برکس تیز رفتاری کے ساتھ کثیرالجہتی کی جانب قدم بڑھائے اور ہر طرح کے خطرناک یکطرفہ نظریات اور نقطہ نظر کا مقابلہ کرے اور یہ ثابت کرے کہ برکس ماضی کے مقابلے میں زیادہ عزم اور خوشحالی کے ساتھ اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گا۔ انہوں نے برکس کے اقتصادی، مالیاتی اور بینکنگ کے شعبوں میں تعاون کو اس گروپ کی طاقت قرار دیا۔

ٹیگس