Mar ۱۹, ۲۰۲۵ ۱۶:۵۵ Asia/Tehran
  • صیہونی جارحیت کے خلاف دنیا کے مختلف ملکوں میں مظاہرے

غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت کے خلاف دنیا کے مختلف ملکوں میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے

سحر نیوز/ عالم اسلام: لبنان میں فلسطینی کیمپوں میں رہنے والوں نے غزہ پٹی میں بچوں، عورتوں اور مردوں کے خلاف صہیونی دشمن کے جرائم کی مذمت ، فلسطین کے مظلوم عوام اور فلسطینی مزاحمت کی حمایت نیز عربوں اور بین الاقوامی اداروں کی خاموشی کی مذمت میں مظاہرے کئے۔ مظاہروں کے دوران لبنانی اور فلسطینی رہنماؤں نے اپنی تقریروں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کی حمایت میں صہیونی دشمن کے جرائم اور فلسطینی عوام کے قتل عام کے حوالے سے اقوام متحدہ اور عرب ممالک کی بے حسی کی مذمت کی۔ یہ مظاہرے عین الحلوہ، المیۃ، میۃ، الرشیدیہ، البص، البرج الشمالی، نہر البرید، الجلیل، شاتیلا اور شہر صیدا کے شہداء اسکوائر کے کیمپوں میں ہوئے۔

دوسری جانب سیکڑوں امریکیوں نے بھی وائٹ ہاؤس کے سامنے جمع ہوکر غزہ پٹی پر اسرائیلی حکومت کے دوبارہ حملے شروع کئے جانے کی مذمت کی ۔ مظاہرین نے فلسطینی عوام کی حمایت میں نعرے لگائے اور اسرائیل کو امریکی فوجی امداد بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ امریکی مظاہرین،  کہ جن میں سے بہت سے سر پر چفیہ یا فلسطینی شال تھی اور وہ فلسطینی پرچم اٹھائے ہوئے تھے، نعرے لگا رہے تھے کہ امریکہ ، اسرائیلی حکومت پر ہتھیاروں کی پابندی عائد کرے۔ مظاہرین نے غاصب صیہونی حکومت کے قبضے کے خاتمے پر بھی زور دیا۔ مظاہرین نے ایسے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا "اسرائیل کے لیے امریکی امداد بند کرو، فلسطین کو آزاد کرو ، محمود خلیل کو آزاد کرو ، اور امریکی بم غزہ کے ڈاکٹروں کو بے ہوشی کے بغیر فلسطینیوں کےعضو بدن کاٹنے پر مجبور کر رہے ہیں-

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں بھی مظاہرین فلسطینی پرچم اٹھا کر اسرائیلی سفارت خانے کے سامنے جمع ہوئے اور غزہ پٹی میں نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی حکومت کے وحشیانہ حملے دوبارہ شروع کرنے کے خلاف احتجاج کیا۔ انہوں نے ان حملوں کے خاتمے اور خطے میں جنگ بندی کے دوبارہ قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے لگائے۔ مظاہرین نے ، کہ جن میں جاپانی شہریوں کے ساتھ ساتھ ٹوکیو میں مقیم غیر ملکی بھی شامل تھے، غزہ پٹی میں تشدد کے خاتمے اور غزہ میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کی جانب سے اقدام کئے جانے کا مطالبہ کیا۔

 

ٹیگس