اسرائیل غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف حملے فورا بند کرے؛ روس
اقوام متحدہ کے ایک ہنگامی اجلاس میں روس کے ایک سینئر اہلکار نے کہا ہے کہ ان کا ملک اسرائیلی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف حملے فوری طور پر بند کرے۔
سحرنیوز/دنیا: اقوام متحدہ میں روس کے نائب مستقل مندوب دیمتری پولیانسکی نے کہا ہے کہ ان کا ملک اسرائیلی حکام سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی پر اپنے حملے بند کریں اور انسان دوستانہ اقدامات کے خلاف عائد پابندیاں اٹھا لیں۔روسی سفارت کار نے مشرق وسطی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ غزہ میں انسانی بحران ناقابل برداشت حد تک پہنچ چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اسرائیلی حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر جنگ بندی کریں اور فلسطینی عوام تک انسانی امداد کی ترسیل کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں۔
پولیانسکی نے زور دے کر کہا کہ روس اسرائیلی حکومت کے اقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے اور اسے غزہ کی پٹی میں بیس لاکھ فلسطینیوں کے مصائب و آلام کے خاتمے میں ایک اہم رکاوٹ سمجھتا ہے۔