Mar ۲۵, ۲۰۲۵ ۰۹:۵۰ Asia/Tehran
  • غزہ میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ اسرائیل نے کیا ہے: اسٹیفن دوجارک

اقوام متحدہ نے گزشتہ دنوں غزہ میں اپنے ہیڈکوارٹر پر ہونے والے حملے کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دے دیا ہے۔

سحرنیوز/دنیا:  غیرملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتے غزہ کے علاقے دیر البلح میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر پر حملے کے نتیجے میں اقوام متحدہ کا ایک غیر ملکی اہلکار جاں بحق اور 5 شدید زخمی ہوئے تھے۔ اب اقوام متحدہ نے باضابطہ طور پر غزہ میں اپنی عمارت پر حملے کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں گزشتہ ہفتے ہیڈ کوارٹر پر ہونے والا حملہ اسرائیلی ٹینک کے ذریعے کیا گیا تھا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے کہا کہ دستیاب معلومات کی بنیاد پر 19 مارچ کو دیر البلح میں اقوام متحدہ کے کمپاؤنڈ کو نشانہ بنانے والے حملے اسرائیلی ٹینک کی جانب سے کیے گئے تھے۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب اقوام متحدہ نے فلسطینی علاقے میں اپنے غیرملکی عملے کو عارضی طور پر کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ اسرائیل کی جانب سے گزشتہ ہفتے دوبارہ حملے شروع ہونے کے بعد سے غزہ میں تقریباً 700 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں کم از کم 400 خواتین اور بچے شامل ہیں جبکہ حماس کے کئی سینیئر رہنما بھی ان حملوں میں شہید ہوچکے ہیں۔

ٹیگس