غزہ میں نظام صحت کی تباہی، ایندھن کے ذخائر ختم، امداد کی ترسیل میں اسرائیلی رکاوٹ؛ اقوام متحدہ
اقوام متحدہ نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ غزہ میں ایک لاکھ پچاس ہزار سے زائد خواتین کو صحت کے حوالے سے مختلف پیچیدگیوں کا سامنا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ہمارے انسانی ہمدردی کے شراکت دار رپورٹ کر رہے ہیں کہ غزہ میں ایک لاکھ پچاس ہزار سے زائد خواتین کو صحت کے حوالے سے مختلف پیچیدگیوں کا سامنا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ غزہ میں ایندھن کی صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے۔ پٹرول کے دستیاب ذخائر تقریباً ختم ہو چکے ہیں اور ڈیزل کی موجودگی نہ ہونے کے برابر ہے۔ اسٹیفن ڈوجارک نے مزید کہا کہ اسرائیلی حکام نے رفح شہر سے ایندھن کی وصولی کے لیے اقوام متحدہ سے منسلک تنظیموں کی کوششوں کو مسترد کر دیا ہے۔
ڈوجارک کا کہنا ہے ابھی تک صرف تصدیق شدہ عملے کی منتقلی کو قبول کیا گیا ہے اور امداد کی سپلائی کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔