ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والوں کو جںگ مخالف امریکی شخصیات کا خراج عقیدت
امریکا میں جنگ کے مخالفین اور دیگر ملکوں کے نمائندوں نے، اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں، اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندہ دفتر میں آکر اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
سحرنیوز/دنیا: ارنا کے مطابق امن کے لئے کام کرنے والے امریکی جنگ مخالفین نے پیر کو اجتماعی طور پر اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندہ دفتر میں حاضری دے کر، اسرائیلی حکومت کی جارحیت میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
امریکا کے جنگ مخالفین نے اسی کے ساتھ کنڈولینس بک میں اپنے تاثرات رقم کئے اور ایران کی حکومت اور عوام کو تعزیت پیش کی۔

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندہ دفتر میں حاضری دینے والوں میں، صیہونیت مخالف امریکی یہودیوں کی تنظیم " ناتوری کارتا" کے اراکین بھی شامل تھے۔
ایران کے خلاف دہشت گردانہ صیہونی جارحیت میں شہید ہونے والوں کی یاد میں اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندہ دفتر میں کنڈولینس بک پیر سے رکھی گئی ہے۔
اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں دیگر ملکوں کے سفیروں اور نمائندوں نے بھی صیہونی جارحیت ميں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کنڈولینس بک میں اپنے تاثرات لکھے اور دستخط کئے۔

امن کے لئے کام کرنے والی جنگ مخالف امریکا کی خاتون کارکنوں نے اسرائیلی جارحیت ميں شہید ہونے والے معصوم ایرانی بچوں کی تصاویر دیکھیں تو اپنے جذبات پر قابو نہ پاسکیں اور اشکبار آنکھوں کے ساتھ شہدائے ایران کو خراج عقیدت پیش کیا۔